سندھ میں طوفانی بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا


کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کے لیے الرٹ اور ہدایات جاری کردیں . پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بارشوں سے متعلق ایمرجنسی پلان مرتب کرلیں .

محکمہ موسمیات نے 28 اپریل تا یکم مئی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کررکھی ہے .
پیش گوئی کے مطابق میرپورخاص، لاڑکانہ، بدین، سانگھڑ، مٹیاری، عمرکوٹ، بدین، قمبر اور شہداد کوٹ میں طوفانی بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے،ا س سلسلے میں سندھ کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ادویات سمیت عوام کے استعمال کی ضروری اشیا اسٹاک کرلی جائیں .
پی ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ طوفانی بارشوں سے سندھ بھر میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے . صوبے بھر کے تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے .
محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ممکنہ طوفانی بارشوں کے دوران سمندر میں طغیانی کے باعث عوام کو جانے سے روکا جائے . طوفانی بارشوں کے دوران عوام غیر ضروری طور گھروں سے باہر نہ نکلیں . بجلی کی کھلی تاروں سے دُور رہا جائے اور انڈر پاسز یا نشیبی علاقوں میں جانے سے احتیاط برتی جائے .

. .

متعلقہ خبریں