حکومت کے نشانے پر چیف جسٹس اور کچھ ججز ہیں، شبلی فراز


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حکومتی قابض ٹولہ اپنے لیڈران کو ڈرائی کلین کر رہا ہے، ان کا آخری ہدف پاکستان کی عدلیہ ہے، ان کے نشانے پر چیف جسٹس اور کچھ ججز ہیں . لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان مشکلات کے باوجود ہر عدالت میں گئے ہیں، وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، تکلیف کے باوجود ہم کل اسلام آباد کی عدالت گئے، اس سے دو تین دن پہلے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے .


شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا محور ہی ہے کہ قانون کی بالا دستی ہونی چاہیے، اس وقت ڈرانے دھمکانے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے، تحریک انصاف اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے . پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جےآئی ٹی کے ممبران آج مقررہ وقت پر دو بجے آئے، ان میں پولیس، آئی بی، آئی ایس آئی کےحکام تھے، جو سوالات کیے گئے ان کا عمران خان نے تسلی بخش جواب دیا، کسی بھی سوال کو ہم نے جواب دیے بغیر نہیں چھوڑا، خان صاحب کے گھر پر جو حملہ ہوا اس کا بھی ہم نے ذکر کیا .
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف کی نمائندگی چاروں صوبوں میں ہے، ہمارے جلسے اور ریلیاں ہوئیں، ایک گملہ نہیں ٹوٹا، انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ہماری ریلیوں کو روک دیا گیا، ہم واحد پارٹی ہیں جو اس ملک میں جلد سے جلد انتخابات چاہتے ہیں، جو الیکشن کی تاریخ ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے . پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آج انہوں نے اپنے نا اہل لیڈران کو اہل کروانے کیلئے بل پاس کیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں