بیکریوں، ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس کی دکانوں کی صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص، شہری بیماریوں میں مبتلا

جہلم(قدرت روزنامہ)شہر کی بیکریوں ، ہوٹلوں شوارما پوائنٹس ، گول گپے اور دیگر دودھ دہی کی دکانوں کی صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص ،ابتر صورت حال نے شہریوں کو موذی امراض سمیت دیگربیماریوں میں مبتلا کرکے رکھ دیا ، حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف مضر صحت اشیاء کے استعمال سے شہری موذی امراض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کررہے ہیں . تفصیلات کے مطابق شہرو گردونواح میں قائم ہوٹلوں اور بیکریوں کا سامان تیار کرنے والے کارخانوں کے مالکان اور جگہ جگہ قائم شوارما پوائنٹس گول گپے اور دودھ ، دہی کی دکانوں پر صفائی کا مناسب انتظام نہ ہونے کیوجہ سے ان مقامات کی حالت ناقص و ناگفتہ بہ ہوچکی ہے .

ناقص انتظامات ہونے اور اشیاء خوردونوش کی تیاری میں مضر صحت کیمیکل استعمال ہونے کے باعث شہری جان لیوا امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، مصنوعی طریقہ سے دودھ تیار کرکے شہر کے گلی محلوں اور بازاروں میں جگہ جگہ دودھ دہی کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے ،تیزاب سے صاف کیا گیا مضر صحت ادرک بھی ریڑھیو ں پر فروخت کیا جا رہا ہے جو کہ جگر اور کینسر جیسے مہلک امراض کا موجب بن رہا ہے . شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے فرض شناس ، ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کو روکا جا سکے اور شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیاء خوردونوش میسر ہو سکے . . .

متعلقہ خبریں