انڈونیشیا کی جیل میں آتشزدگی سے 41 قیدی ہلاک 70سے زائد زخمی

ٖجکارتہ (قدرت روزنامہ) انڈونیشیا کی ایک جیل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے . غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جکارتہ کے مضافات میں واقع ایک پرہجوم تانگیرانگ جیل میں علی الصبح آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے متعدد بیرکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا .

بیرکوں پر تالے لگے ہونے اور قیدیوں کے نیند میں ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور قیدیوں کو اپنی جان بچانے کا موقع نہ مل سکا . جکارتہ پولیس کے سربراہ فدیل عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے سی بلاک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 41 قیدی ہلاک اور 70سے زائد زخمی ہوگئے . واقعے کے وقت بلاک سی میں 122 قیدی بند تھے، حالانکہ اس میں صرف 40 قیدیوں کی گنجائش ہے . اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے اور آگ لگنے کے وقت غیر ملکی شہریت والے قیدی بھی بند تھے جن میں جنوبی افریقہ اور پرتگال شامل ہیں . امدادی ادارے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں . ابتدائی تحقیقات کے مطابق جیل میں ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تاہم ابھی مزید تحقیقات جاری ہیں . . .

متعلقہ خبریں