بزرگ شہری کی جیب میں موبائل فون پھٹ گیا، آگ لگ گئی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست کیرالہ میں 70 سالہ بزرگ شہری کی جیب میں موبائل فون پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی .

جیو نیوز کے مطابق جمعرات کی صبح ریاست کیرالہ کے ضلع تھریسور میں ایک چائے کی دکان پر 70 سالہ بزرگ الیاس کرسی پر بیٹھے چائے پی رہے تھے کہ اچانک ان کی قمیض کی سامنے والی جیب میں رکھا موبائل فون پھٹ گیا اور آگ لگ گئی تاہم آگ لگنے کی وجہ سے بزرگ شہری نے موبائل فوراً اپنی جیب سے نکالا اور زمین پر پھینک دیا لیکن اس دوران ان کی قمیض کو آگ نے پکڑ لیا .

خوش قسمتی سے دکان میں موجود ایک شخص فوراً آیا اور پانی پھینک کر آگ بجھائی جس کی وجہ سے 70 سالہ بزرگ کسی بڑے حادثے سے بچ گئے اور بالکل محفوظ رہے . واقعہ کی اطلاع پولیس کو بھی ملی جس پرپولیس افسر نے بزرگ شہری سے رابطہ کیا جس کے بعد 70 سال الیاس نے بتایا کہ انہوں نے موبائل گزشتہ سال ایک ہزار روپے میں خریدا تھا اور اب تک موبائل میں کوئی مسئلہ بھی نہیں تھا، اچانک یہ کیسے پھٹ گیا سمجھ سے باہر ہے .

موبائل فون پھٹنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ،گزشتہ ہفتے بھارتی شہر کوزی کوڑے میں بھی ایک شخص اس وقت جھلس گیا تھا جب اس کے ٹراؤزر کی جیب میں رکھا موبائل فون پھٹ گیا تھا . اس کے علاوہ 24 اپریل کو کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ لڑکی کی موبائل فون پھٹنے سے موت ہو گئی تھی .

. .

متعلقہ خبریں