ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، لاہور میں 215 فیڈرز ٹرپ کر گئے

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، انڈر پاسز اور سڑکوں پر پانی جمع، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا . لاہور میں 215 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا .

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی موسلادھار بارش سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند ہے . لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے سٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا . بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کےعلاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا . لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن ( لیسکو) کا کہنا ہے کہ بارش رکنے کے بعد بجلی بحالی کا کام شروع ہو گا . لاہورمیں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 124 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے . وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دیا . انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے، واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں . دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور میں صبح ہی سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے . محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختو نخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان اور سندھ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ آج بھی بارش کا امکان ہے . جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش،بوندا باندی کا امکان ہے . پی ڈی ایم اے نے سندھ بھر میں الرٹ جاری کردیا بلوچستان کے ضلع کوہلو کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال درپیش ہے . . .

متعلقہ خبریں