مسافر کے ایمرجنسی گیٹ کھولنے پر ایئر لائن نے ہنگامی دروازے کی نشست فروخت کرنا بند کردی

سیؤل(قدرت روزنامہ) جنوبی کوریا میں ایک مسافر کی طرف سے دوران پرواز طیارے کا ایمرجنسی ایگزٹ گیٹ کھولنے کے ہولناک واقعے کے بعد جنوبی کوریا کی ایشیانا ایئرلائن نے اپنی پروازوں میں ہنگامی دروازے کے سامنے کی سیٹ ہی فروخت کرنی ترک کر دی . ڈیلی ڈان کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ دنوں ایشیانا ایئرلائنز کی ایک پرواز میں پیش آیا تھا .

پرواز میں ایمرجنسی ایگزٹ کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھے مسافر نے لینڈنگ سے 2سے 3منٹ قبل یہ ہنگامی دروازہ کھول دیا . اس وقت جہاز زمین سے تقریباً700فٹ کی بلندی پر تھا . دروازہ کھلنے سے تیز ہوا جہاز کے اندر آنی شروع ہو گئی اور ایک ہنگامہ برپا ہو گیا . تیز ہوا کے سبب متعدد مسافروں کا سانس اکھڑنے لگا اور ان کی طبیعت خراب ہو گئی .

طیارے کے لینڈ کرنے پر ہنگامی دروازہ کھولنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا . اس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ دوران سفر آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا اور جہاز سے جلدی اترنا چاہتا تھا . اس واقعے کے بعد ایشیانا ایئرلائن کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں میں ہنگامی دروازے کے ساتھ والی سیٹ آئندہ فروخت ہی نہیں کرے گی .

. .

متعلقہ خبریں