وزیر اعظم شہباز شریف کا رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون، دورہ پاکستان کی دعوٰت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کر کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا .

شہباز شریف نے ترکیہ کے نو منتخب صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے، گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ کی دانشمندانہ اور بصیرت افروز قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر اپنا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا .

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن و استحکام کے لئے اپنا اور بھی زیادہ موثر کردار ادا کرے گا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں آپ کی ذاتی وابستگی باعث تقویت اور اطمینان ہے .

وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں، دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح سٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کے ساتویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں . شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کے لئے آپ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کے لئے چشم براہ ہوں، آپ کی آمد دونوں برادر ممالک کی کثیرالجہتی شعبوں میں سٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہوگی .

ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا، صدر اردوان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا . صدر اردوان 28 مئی کو الیکشن میں مشترکہ اپوزیشن کو شکست دے کر 52.16 فیصد ووٹوں کی برتری سے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں