ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظرآگیا، یکم ذوالحجہ 19 جون کو اور عید الاضحیٰ 28 جون کو ہوگی .
عرب میڈیا کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کے لیے سعودی سپریم کورٹ نے عوام سے اپیل کی تھی کہ آج شام ذو الحجہ کا چاند دیکھیں اور نظر آنے پر شہادتیں قریبی دفاتر میں درج کرائیں .
سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چاند بغیر ٹیلی اسکوپ بھی دیکھا جائے اور جو ٹیلی اسکوپ سے دیکھنا چاہیں اس کی بھی اجازت ہوگی، چاند نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر اپنی گواہی کا اندراج کرائیں .
چاند نظر آنے پر شہریوں ںے اپنے شہادتیں جمع کرائیں جس کے بعد سعودی سپریم کورٹ نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کردیا .
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں چاند نظر آنے کے بعد اب یکم ذوالحجہ کل 19 جون کو ہوگی، 27 جون کو یوم عرفات ہوگا اور عیدالاضحی 28 جون کو ہوگی .
ذوالحجہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک حج کے فریضے کو انجام دیا جاتا ہے اس کے لیے دنیا بھر سے مسلمان جوق در جوق سعودی عرب پہنچتے ہیں .
علاوہ ازیں اسی ماہ جانور کی قربانی کی جاتی ہے، یہ قربانی اللہ کے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی جانب سے حکم ربانی کی بجا آوری میں اپنے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے کی یاد میں کی جاتی ہے .
تمام عالمین کے پرودرگار نے حضرت ابراہیمؑ کو سخت امتحان میں پورا اترتے پایا تو معجزہ دکھایا اور بیٹے حضرت اسماعیل کی جگہ چھری پھیرنے کے عین وقت دنبہ نمودار ہوگیا تھا .
اس واقعے کی یاد میں مسلمان ہر سال ذوالحجہ کو اونٹ، گائے، بکرا یا دنبے کی قربانی دیتے ہیں .
. .