چیئرمین پی ٹی آئی کی زیرِ سر پرستی دھاندلی زدہ انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئے: فیاض چوہان


لاہور (قدرت روزنامہ)استحکامِ پاکستان پارٹی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ2011ء میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کی سر پرستی دھاندلی زدہ انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئےجہانگیر ترین اور علیم خان پر حامد خان کے الزامات کے حوالے سے ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فیاض چوہان نے اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا .
ان کا کہنا ہے کہ 2011ء میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے .

ترجمان استحکامِ پاکستان پارٹی نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کا مقصد مرکز سے یوسیز تک مرضی کے عہدے داران بنانا تھا . فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پارٹی الیکشن کے نام پر اوورسیز پاکستانیوں سے کروڑوں روپے لیے گئے، اوورسیز پاکستانیوں کا کروڑوں روپیہ پارٹی الیکشن کے نام پر کرپشن کی نذر کر دیا گیا .
انہوں نے کہا کہ زبان زدِ عام تھا کہ الیکشن کا سافٹ ویئر عارف علوی کے بیٹے کی کمپنی نے بنایا تھا، دھاندلی زدہ پارٹی الیکشن کے ذمے دار عارف علوی، حامد خان اور رؤف حسن کا گینگ تھا . فیاض چوہان نے کہا کہ بدنامِ زمانہ انٹرا پارٹی الیکشن کی ذمے داری حامد خان اپنے منہ سے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی تباہی کی بنیاد 2011ء میں حامد خان اور اُن کے گینگ نے ڈالی .
ان کا مزید کہنا ہے کہ حامد خان روزِ اوّل سے جہانگیر ترین کی مالی اور سیاسی قربانیوں کے سبب بغض رکھتے تھے، حامد خان عام کارکنان اور سیاسی رہنماؤں میں قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھے جاتے تھے . ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان پر تنقید کر کے حامد خان سیاسی قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں .

. .

متعلقہ خبریں