بالی ووڈ کی اداکارہ ملیکا شراوت نے پہلی بار بھارت چھوڑنے کی شرمناک وجہ بتا دی

(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ سمیت بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارتی بولڈ اداکارہ ملیکا شراوت کا کہنا ہے کہ انہوں نے کچھ عرصے کے لیے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا کیونکہ میڈیا کا ایک خاص طبقہ انہیں “گری ہوئی عورت” کے طور پر پیش کرتا ہے . بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ انٹر ویو میں بولڈ اداکارہ ملیکا شراوت نے کہا کہ اسکرین پر بوسہ دینے اور مختصر لباس پہننے پر میڈیا نے مجھے’گری ہوئی عورت‘بنا کر پیش کیا لیکن اب بھارتی معاشرے میں سوچ تبدیل ہوئی ہے ، لوگوں میں زیادہ برداشت کا رویہ پیدا ہو گیا ہے .

ملیکا شراوت نے کہا کہ مردوں سے کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا اور میڈیا میں بھی خواتین نے مجھے نشانہ بنایا، میڈیا میں ایک خاص طبقے نے مجھے ڈرایا اور ہراساں کیا . ان کا کہنا تھاکہ بالی ووڈ کے مردوں کو میرے ساتھ کبھی پریشانی نہیں ہوئی، مردوں نے ہمیشہ میری تعریف کی ہے لیکن میں سمجھ نہیں سکی کہ یہ خواتین میرے خلاف کیوں ہیں اور میرے لیے اتنی گندی سوچ کیوں رکھتی ہیں . ملیکا شراوت نے کہا کہ اس وجہ سے میں نے بھارت کو چھوڑ دیا کیونکہ میں کچھ وقت کے لیے بریک لینا چاہتی تھی . اپنے انٹرویو کے دوران ملیکا شراوت کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے فلموں میں آنے کا ارادہ کیا تھا تو والد نے کہا تھا کہ یہ فلموں میں جاکر خاندان کا نام بدنام کرے گی، میں اس سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں . انہوں نے بتایاکہ ان کا اصلی نام ریما لامبا تھا، جو انہوں نے بدل کر ملیکا شراوت رکھ لیا تھا . بولڈ اداکارہ نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے والد سے کہہ دیا کہ آپ کیا مجھ سے لاتعلقی کا اعلان کریں گے میں ہی آپ کے نام سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہوں . ملیکا کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے والد سے کہا کہ آپ میرے والد ہیں، میں آپ کی عزت کرتی ہوں، آپ سے بہت پیار کرتی ہوں، لیکن میں آگے زندگی میں اپنے نام کے ساتھ اپنی ماں کا نام استعمال کروں گی . انہوں نے کہاکہ ان کی والدہ کے نام کے ساتھ شادی سے قبل “شراوت” تھا تومیں نے فلمی دنیا میں قدم رکھتے ہی اپنا نام تبدیل کر کے ملیکا شراوت رکھ لیا جو کہ آج تک میری پہچان ہے . اہلِ خانہ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں ملیکا کا کہنا تھا کہ اتنے سال گزرنے کے ساتھ ساتھ رشتوں میں کڑواہٹ کم ہوگئی ہے . میں یہ نہیں کہوں گی کہ تعلقات بہت اچھے ہوگئے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب میں نرمی آگئی ہے . واضح رہے کہ ملیکا شراوت نے 2002 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تاہم انہیں شہرت 2004 کی ہارر رومانٹک فلم ’مرڈر‘ سے ملی، وہ اب تک 3 درجن سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، ملیکا شراوت نے 2016 میں چینی فلم میں بھی اداکاری کا لوہا منوایا تھا . ملیکا شراوت نے اپنے فلمی کیریئر میں متعدد آئٹم سانگس پر بھی شاندار پرفارمنس کی، ان کے مشہور گانوں میں ’جلیبی بائی، شالو کے ٹھمکے، لیلیٰ اور گاگھرا‘ شامل ہیں . . .

متعلقہ خبریں