فلم ’میں ہوں ناں‘ کی ہدایتکار فرح خان کو سشمیتا سے معافی کیوں مانگنا پڑی؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور فلم ’میں ہوں ناں‘ کی ایڈیٹنگ مکمل ہونے کے بعد ہدایتکار فرح خان نے اُن سے معافی مانگی تھی .
18 سال کی عمر میں ’فیمینا مس انڈیا‘ جیتنے کے بعد 1994 میں ’مس یونیورس‘ کا مقابلہ جیتنے والی اداکارہ و ماڈل سشمیتا سین نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ فرح خان نے فلم ’میں ہوں ناں‘ کی ایڈیٹنگ کے بعد اسکرین ٹائم کم ہو جانے پر اُن سے معافی مانگی تھی .


سشمیتا سین نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے جہاں انہوں نے 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں ہوں ناں‘ میں اپنے کردار ’چاندنی چوپڑا‘ سے متعلق کُھل کر بات کی ہے . اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس فلم میں اُن کا کردار چھوٹا سا مگر طاقتور تھا .
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنجہانی فلم ساز یش چوپڑا نے ان کی اس فلم میں کارکردگی کی تعریف کی تھی . سشمیتا سین کا کہنا ہے کہ فلم ’میں ہوں ناں‘ اُن کے کیریئر کے لیے بہت مددگار ثابت ہوئی تھی، اُن کی فلم کو آج بھی شائقین دیکھنا پسند کرتے ہیں .
انٹرویو کے دوران انہوں نے فلم کی ہدایتکارہ، فرح خان سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم کی ایڈیٹنگ کے بعد فرح خان نے مجھے فون کیا اور کہا کہ سُش (سشمیتا سین)، میں نے فائنل ایڈیٹنگ دیکھ لی ہے اور مجھے آپ سے معافی مانگنی ہے، فرح خان کا کہنا تھا کہ یقیناً اس فلم میں شاہ رخ، زید اور امریتا کا اہم کردار ہے مگر آپ اس فلم میں بمشکل ہی نظر آ رہی ہیں،
سشمیتا سین نے بتایا کہ میں نے فرح خان کی اس بات جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹھیک ہے فرح، ہمارا ایک معاہدہ ہوا تھا، تم نے اپنا وعدہ پورا کیا اور میں نے بھی اسے نبھایا، بات ختم ہو گئی، اب اس کی فکر نہ کرو . ‘سشمیتا سین نے انکشاف کیا کہ فرح کو یہ جواب دینے کے باوجود اندر ہی اندر میں سوچ رہی تھی کہ ارے نہیں، میں بمشکل ہی اس فلم موجود ہوں، ایسا کیسے ہو سکتا ہے .
انہوں نے مزید بتایا کہ بس پھر فلم سٹی میں ’میں ہوں ناں‘ کی نمائش ہوئی اور میرا فون بجنے لگا اور مجھے نہیں معلوم تھا کہ یش جی (یش چوپڑا) مجھے کیوں کال کر رہے ہیں، ساری کی ساری انڈسٹری مجھے کیوں کال کر رہی ہے . سشمیتا کا انٹرویو کے دوران بتانا تھا کہ اُن کی یہ فلم سب ہی کو بہت پسند آئی تھی اور وہ اپنی تعریفوں سے بھری فون کالز کو آج بھی نہیں بھلا پائی ہیں .
یاد رہے کہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں ہوں ناں‘ کو فرح خان نے لکھا اور اس کی ڈائیریکشن دی تھی، بطور ہدایتکار یہ فرح خان کی پہلی فلم تھی . فلم میں شاہ رخ خان، سشمیتا سین، سنیل شیٹی، امریتا راؤ اور زید خان شامل تھے .

. .

متعلقہ خبریں