15 سال بعد پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے تیار، ٹرافی ملتان پہنچ گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہائبرڈ ماڈل کا مطالبہ، بھارتی کرکٹ بورڈ کا انکار اور سیکیورٹی خدشات جیسی رکاوٹوں کے بعد بالآخر ایشیا کپ کا انتظار ختم ہوگیا، آج ون ڈے کی عالمی نمبر ون ٹیم اور نیپال کے درمیان میچ سے ایشیا کپ کا باقاعدہ آغاز ہوگا .
پاکستان ایک مرتبہ پھر 15 سال بعد ایشیا کپ کے میگا ایونٹ کی میزبانی کرنے کیلئے تیار ہے .

ایشیا کپ کا آغاز ملتان سے ہورہا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی میگا ایونٹ کے میچ کی میزبانی کررہا ہے . اس سے پہلے 2008 میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو حاصل ہوئی تھی .
ایشیا کپ کا پہلا میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، اس سے پہلے افتتاحی تقریب میں پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تھریشالہ گرونگ شائقین کرکٹ کا لہو گرمائیں گی . ملتان اسٹیڈیم کے گیٹ صبح ساڑھے 11 بجے کھول دیے جائیں گے . اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا .
نیپال کی ٹیم نہ صرف پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے بلکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہورہی ہیں . ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی تمام جنرل اور پریمیم ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں جس کے بعد اسٹیڈیم میں ایک زبردست ماحول اور شائقین کی بہت بڑی تعداد متوقع ہے .
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اعلان کردہ اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخرزمان، حارث روف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر شامل ہیں .
ایشیا کپ کے اس ایونٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا، بھارت، افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور میزبان پاکستان ٹیم شامل ہے . گزشتہ سال ایشیا کپ کی فاتح سری لنکا کو اس مرتبہ انجریز کے باعث کمزور ٹیم قرار دیا جارہا ہے . ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے . گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش اور دفاعی چیمپیئن سری لنکا شامل ہیں .
ایشیا کپ شیڈول (راونڈ 1)
30 اگست: پاکستان بمقابلہ نیپال (ملتان)
31 اگست: بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا (سری لنکا)
2 ستمبر: پاکستان بمقابلہ بھارت (سری لنکا)
3 ستمبر: بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان (لاہور)
4 ستمبر: بھارت بمقابلہ نیپال (سری لنکا)
5 ستمبر: سری لنکا بمقابلہ افغانستان (لاہور)

. .

متعلقہ خبریں