نوشکی (قدرت روزنامہ) بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی کے زیر اہتمام 2 ستمبر بسلسلہ دوسری برسی راہشون بلوچستان سردار عطااللہ خان مینگل کی مناسبت سے ریلوے ہاکی گراﺅنڈ کوئٹہ کے مرکزی جلسہ عام میں شرکت کے لیے آگاہی مہم کے طور پر ایک عظیم الشان جلسہ کلی مینگل میں زیر صدارت حاجی میر بہادر خان مینگل منعقد ہوا، جس میں سابق ایم پی اے نوشکی میر محمد رحیم خان مینگل، سی ای سی ممبر خورشید جمالدینی کے علاوہ ضلع کابینہ کے عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی . جلسے کی میزبانی نبیل مینگل فرزند سابق ایم پی اے نوشکی میر محمد رحیم خان مینگل نے کی .
اجلاس سے حاجی میر بہادر خان مینگل میر خورشید احمد جمالدینی میر صادق علی جمالدینی اور رمضان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی جو بلوچ قوم کے خوشحال مستقبل کیلئے اپنی سرزمین اور وسائل کے ملکیت کی جدوجہد کررہی ہے . اس جدوجہد میں ہم نے اپنے عظیم قائدین کے قربانیوں کو فراموش نہیں ہونے دیا کیونکہ ہمارے شہدا اور قائدین کی قربانیاں ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں . آپ جیسے بزرگوں اور جوانوں کی اس جوش و خروش سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بہت جلد ہم اپنے سیاسی مقاصد میں کامیاب ہونگے . انہوں نے کہا کہ نوشکی ایک مردم خیز سرزمین رہی ہے . نوشکی گل خان نصیر، آزات جمالدینی، ماما عبداللہ جاں جمالدینی، غلام حیدر نوشکی، گل محمد بادینی، کفایت کرار جیسے سیاسی اکابرین کے ساتھ ساتھ اولیا اور درویش صفت شہیدوں کی سرزمین رہی ہے اور آج اس جلسے میں بھی انہی سیاسی اکابرین اور سیدوں اور بزرگوں کے ورثا تشریف فرما ہیں، ہم سب انہی کے پیروکار ہیں اور انہی سے ہماری نسبت ہے لہذا ہم میں سے کوئی بھی کسی بھی صورت میں نوشکی کے سیاسی و اخلاقی روایات پر آنچ نہیں آنے دینگے اور انشااللہ ھم میں سے کوئی بھی اپنے قائدین کی طرح کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے . انہوں نے کہا کہ آج اسٹیبلشمنٹ نے اپنے بد نام زمانہ ڈیتھ اسکواڈ کے ذریعے بلوچستان کے پرامن سیاسی ماحول کو بگاڑتے ہوئے وڈھ اور پورے بلوچستان پر جو حالات مسلط کیے ہوئے ہیں، اسکا مقصد صرف اور صرف قائد بلوچ سردار اختر جان مینگل کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہے کیونکہ اختر جان مینگل کی 5 سالہ قومی اسمبلی کی کردار اور نمائندگی نے اسٹیبلشمنٹ اور اس کے حواریوں کو ناکوں چنے چبوا کر مظلوم و محکوم بلوچ قوم کے بنیادی مسئلے، انسانی حقوق کی پامالی، ماورائے آئین و قانون حرکات و سکنات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے، اسی لیے آج اسٹیبلشمنٹ قائد بلوچ سردار اختر جان مینگل کی تحریک سے خوفزدہ ہے اور حواس باختگی میں ڈیتھ اسکواڈ کو اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے استعمال کررہا ہے لیکن ہم نے جس انداز میں پہلے اسٹیبلشمنٹ اور اس کے حواریوں کو جواب دیا ہے آج بھی راہشون بلوچستان سردار عطااللہ خان مینگل کی دوسری برسی کی مناسبت سے منعقدہ جلسہ بمقام ریلوے ہاکی گراﺅنڈ کوئٹہ میں شرکت کر کے یہ ثابت کردینگے کہ آپ کے ڈیتھ اسکواڈ کی غنڈہ گردی ہمیں ہماری تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتی، کل بھی ہم اپنے قائد کے شانہ بشانہ تھے آج بھی شانہ بشانہ ہیں . مقررین نے 2 ستمبر کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور آگاہی مہم کے سلسلے میں بروز جمعہ بوقت 3 بجے بمقام ضلع دفتر مسجد روڈ سے موٹر سائیکل ریلی کا بھی اعلان کیا جو شہر کے علاوہ مختلف کلیوں کا گشت کر کے 2 ستمبر کے جلسہ کی مناسبت سے شعور و آگاہی پھیلائے گی .
. .