کوئٹہ (قدرت روزنامہ) انجمن تاجران بلوچستان (ر) کے زیر اہتمام جنرل سیکرٹری ولی افغان ، سرپرست اعلیٰ حاجی اسلم ترین،نائب صدر سید حیدر آغاکی قیادت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے مظاہرے میں حاجی عمر ترین ، طاہر خان جدون، سید شفیع آغا، سید رشید آغا، محمد دلشاد ، حاجی شاہ محمد، سردار اختر محمد سلیمانخیل، عبدالکبیر خلجی، اختر جان خلجی، ڈاکٹر محمد طاہر سلیمانخیل، سید غنی آغا، مولوی محمد گل، ساجد علی ہزارہ، سعید حسین ہزارہ، حاجی علی خان ترکئی، حاجی محمد داﺅد خلجی سمیت دیگر بھی موجود تھے مقررین نے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئے روز بجلی کے بلوں میں بے تحاشا ٹیکسز اور یونٹ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں نگران وزیر اعظم اور حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئے اگر یہ روش برقرار رہی تو آج ملک بھر میں جس طرح عوام اور تاجر برادری سراپا احتجاج ہے اس احتجاج میں مزید شدت آئے گی جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی . انہوں نے کہا کہ حکومت بیورو کریسی یا حکومتی نمائندوں کو جو مفت بجلی اور فیول دے رہی ہے اس کو بند کریں اور اس کی مد میں لوگوں کو ریلیف دیں انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے ہڑتال کے دوران ان کے نام نہاد ڈنڈہ بردار لوگوں نے زبردستی تاجر برادری سے دکانیں بند کرانے کی کوشش کی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ایسے ناروا اقدام کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے اس لئے انہیں اپنے رویے میں بدلاﺅ لالانا ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی شاہ خرچیاں پوری کرنے کے لئے عوام پر مہنگائی اور تاجر برادری پر ٹیکسز میں اضافہ کرکے بوجھ ڈال رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے .
مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے .
. .