کاجول ’20 سالہ کاجول‘ کو کیا مشورہ دینا چاہیں گی؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی سانولی سلونی بیوٹی، کاجول نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خود (20 سالہ کاجول) کو کیا مشورہ دینا چاہیں گی . کاجول کا شمار بالی ووڈ کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے .


اداکارہ حال ہی میں اپنی ریلیز ہونے والی نیٹ فلکس سیریز ’لسٹ اسٹوریز 2‘ اور ’دی ٹرائل‘ کی کامیابیوں پر خوب تعریفیں بٹور رہی ہیں . کاجول کی اگر ذاتی زندگی پر ایک نظر دوڑائی جائے تو اُنہوں نے اپنی محبت، اداکار اجے دیوگن سے شادی کی، اس جوڑی کا ایک بیٹا یوگ اور بیٹی نیسا بھی ہے .
کاجول ناصرف پیشہ ورانہ زندگی بلکہ شادی شدہ زندگی اور بطور ماں بھی کامیاب ہیں . ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اداکارہ کاجول نے ایک سوال کہ: اگر آج وہ 20 سالہ کاجول کو کوئی مشورہ دینا چاہیں تو وہ کیا ہوگا ؟ پر جواب دیا ہے اور اپنی پرورش پر کھل کر بات کی .
اداکارہ نے کہا کہ وہ خود کو (20 سالہ کاجول) کوئی بھی مشورہ دینا پسند نہیں کریں گی کیوں کہ اگر انہوں نے 20 سال کی عمر میں کی جانے والی غلطیاں نہ کی ہوتیں تو آج وہ یقیناً اتنی کامیاب، مشہور اور اس مقام پر نہ ہوتیں جہاں وہ ہیں .
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ 20 سال کی عمر میں کی گئی غلطیوں نے اُنہیں بہت کچھ سکھایا ہے، ہاں! اگر اُنہیں 20 سال کی عمر کا دوبارہ بنا دیا جائے تو وہ بہت سے ایسے کام جو وہ نہیں کر سکی تھیں وہ اُن تجربات کو اپنی زندگی میں ضرور شامل کرنا چاہیں گی .
کاجول نے اپنے والدین کی جانب سے خود کو ملنے والی پرورش اور والدین کے انداز سے متعلق بھی کھل کر بات کی ہے . اداکارہ کاجول نے انٹرویو کے دوران اپنے والدین کا بہترین پرورش کرنے پر شکریہ ادا کیا، اُن کا کہنا تھا کہ جس سوچ کے ساتھ اُن کے والدین نے اُنہیں پالا اور پرورش کی وہ اپنے والدین کی شکر گزار ہیں .
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین نے ہمیں رنگ، نسل روپ اور تعصب پسندی سے دور رکھا اور اچھا انسان بنایا، ہم بہن بھائیوں کو یکساں محبت اور توجہ دی .
کاجول نے انٹرویو کے دوران اپنے بچوں یوگ اور نیسا سے متعلق بھی بات کی .
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اُن کے دونوں بچے اپنے شوق، دلچسپی اور نئی چیزیں کرنے سے متعلق بالکل بھی نہیں ڈرتے اور نہ ہی ہچکچاتے ہیں کیوں کہ نیسا اور یوگ کو معلوم ہے کہ اُن کے پیچھے میں کھڑی ہوں، میری ساری توجہ اور حوصلہ افزائی اُن کے آگے بڑھنے کے لیے ہوتی ہے .
کاجول نے مزید کہا کہ میں بھی اپنے بچوں کو اس بات کا یقین دلاتی ہوں کہ ہاں، فکر مت کرو، میں آپ دونوں کی پیٹھ پیچھے کھڑی ہوں .

. .

متعلقہ خبریں