کوئٹہ(قدرت روزنامہ) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک کارروائی میں ٹرک کے خفیہ خانوں سے 2 ہزار کلو سے زائد چرس برآمد کرلی .
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی مینگل آباد کوئٹہ کے قریب مغربی بائی پاس پر عمل میں لائی گئی .
اس دوران ٹرک سے سوا 2 ٹن سے زائد منشیات برآمد کرکے 4 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا .
2 ہزار 330 کلوگرام چرس ٹرک پر نصب سیمنٹ مکسچر مشین میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی . کارروائی کے دوران ٹرک کے ساتھ ایک چھوٹی گاڑی بھی پکڑی گئی، جس میں سوار 2 ملزمان سہولت کار کے طور پر ٹرک کو روٹ کلیئر کروا رہے تھے . دوران کارروائی گاڑی اور ٹرک میں سوار مجموعی طور پر 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور چمن سے ہے .
ملزمان منشیات چمن سے براستہ کوئٹہ اندرون سندھ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے . گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے . ملزمان سے گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے .