سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف پٹیشن دائر

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، بھتیجے شیخ شاکر اور ملازمین کی حراست کے خلاف لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں پٹیشن دائر کردی گئی، جس میں آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے . عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ عامر شفیق کی جانب سے دائر پٹیشن میں فیڈریشن آف پاکستان، پنجاب حکومت،آئی جی پنجاب، آر پی او، سی پی او،ایس پی آپریشنز،ایس ایچ او سول لائنز،ویسٹریج،وارث خان،نیو ٹاؤن کو فریق بنایا گیا ہے .

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہل کار شیخ رشید سمیت دیگر افراد کو بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے . پولیس حکام رابطے کے باوجود شیخ رشید سمیت دیگر زیر حراست افراد کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کر رہے . حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی کسی مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں ان کی ضرورت تھی . زیر حراست شیخ شاکر کا کسی سیاسی سرگرمی سے تعلق نہیں ہے . وہ تاجر ہیں تاہم انہیں بھی شیخ رشید احمد کے ساتھ غیر قانونی حراست میں لیا گیا ہے . عدالت میں دائر پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کو غیر قانونی قید میں رکھا گیا ہے . پولیس کو ہدایت کی جائے کہ زیر حراست افراد کو اس عدالت میں پیش کریں اور انہیں آزاد کیا جائے . وکیل سردار شہباز خان کے مطابق عدالت سے پٹیشن پر آج ہی سماعت کی استدعا کی جائے گی . . .

متعلقہ خبریں