ایشیاءکپ میں خراب کارکردگی نے مشکلات کھڑی کر دیں، پاکستان ٹیم میں اہم کھلاڑی کی جگہ ڈگمگانے لگی

لاہور(قدرت روزنامہ)بھارت کے خلاف دردناک شکست اور پھر سری لنکا سے میچ ہارنے پر پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو سخت تنقید کا سامنا ہے تاہم ان کی کرسی کو تو فی الحال کوئی خطرہ نہیں لیکن امکان ہے کہ نائب کپتان شاداب خان کی جگہ کسی اور کو ذمہ داری سونپی جائے .
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعد قومی ٹیم کا اگلا بڑا امتحان بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ہے .

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ چوہدری ذکا اشرف ایشیا کپ کی شکست کے ساتھ بورڈ کے دیگر معاملات میں خاصے الجھے ہوئے ہیں، البتہ چیئرمین کی حیثیت سے بابر اعظم کو قیادت کے منصب پر رکھنے یا ہٹانے کے حوالے سے وہ تحمل کے ساتھ سوچ بیچار کر رہے ہیں .
کپتان کو رکھنے یا ہٹانے کا براہ راست فیصلہ چیئرمین کا اختیار ہے،اطلاعات کے مطابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی چوہدری ذکا اشرف بابر اعظم کو ورلڈ کپ سے قبل کپتانی کے منصب سے تو نہیں ہٹا رہے، البتہ ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کو تبدیل کر نے کا ذہن بنالیا گیا ہے . ایشیا کپ کے 5 میچوں میں 40.83 کی اوسط سے 6 وکٹ لینے والے لیگ بریک بولر شاداب خان ان دنوں مکمل طور پر آوٹ آف فارم ہیں، البتہ کپتان بابر اعظم انہیں مسلسل گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کرکے سخت تنقید کا سامنا کر رہے ہیں .
اب اطلاعات ہیں کہ قومی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو شاداب خان کی جگہ نائب کپتان بنائے جا نے کا قوی امکان ہے . 27 ٹیسٹ 44 ون ڈے اور 52 ٹی ٹوئینٹی کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر نے بین الاقوامی کرکٹ میں 255 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں 2022 اور 2023 میں مسلسل دو سال چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے .

. .

متعلقہ خبریں