کوئٹہ میں سرکاری اور غیر سرکاری زمینوں، عمارتوں پر قبضے کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا، جان اچکزئی
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) نگراں صوبائی وزرا وزیر اطلاعات جان اچکزئی، وزیر خزانہ و مال امجد رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری اور غیر سرکاری زمینوں، عمارتوں پر قبضے کے خلاف کریک ڈا?ن کا آغاز کرتے ہوئے عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے کمشنر آفس اور بورڈ آف ریونیو تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں اور پورٹل پر شکایات سیل قائم کردیا ہے آنے والی شکایات پر فوری طور پر عملدرآمد کرتے ہوئے لوگوں کو ریلیف دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو کوئٹہ پریس کلب میں بورڈ آف ریونیو کے آئی ٹی کے انچارج اشفاق کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا . صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان بھر میں لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے لینڈ مافیا کے خلاف یہ کارروائی بلا امتیاز ہوگی جو کتنا ہی با اثر یا طاقتور کیوں نہ ہو اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا سرکاری اراضی جائیدادوں پر قابض لوگوں کے خلاف کارروائی بھی شروع کردی ہے اس کے علاوہ بلوچستان میں جنگلات کی زمینوں پر بھی مافیاز قابض ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اس حوالے سے تمام ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے ہماری کوشش ہے کہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کو مکمل کرکے اس کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے جائیں جس طرح حیدر زئی اور سیم شاخ موضع کے حوالے سے اقدامات اٹھارہے ہیں کیونکہ لوگوں کی قیمتی زمینوں اور جائیداد پر قبضے کئے گئے ہیں اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ و مال امجد رشید کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہے انہیں مقامی لوگوں کی زمینوں پر قابض آفیسران کے خلاف شواہد کی روشنی میں کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اس لئے ہم نے ان معاملات کو کیس ٹو کیس دیکھیں گے اور صدیوں سے آباد لوگوں کو ان کے حقوق دلائیں گے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں آباد لوگوں کی تاریخی وراثت کا سلسلہ چلتا آرہا ہے لوگ ان زمینوں پر زمینداری کرتے آرہے ہیں کچھ لوگ دیگر صوبوں سے اور اندرون بلوچستان سے آئے اور زمینوں پر قابض ہوئے محکمہ ریونیو اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے بھی بات کرلی گئی ہے اس لئے عوام کی سہولت کے لئے بورڈ آف ریونیو میں شکایت سیل قائم کردیا گیا ہے جس کا مقصد آنے والی شکایات کی روشنی متعلقہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اس کے بعد سینئر ایم بی آر معاملات کو دیکھیں گے اور فیصلہ کریں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے دورہ کوئٹہ کے دوران بریفنگ کے بعد جو ہدایت دی تھی اس کی روشنی میں یہ اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ صاف اور شفاف طریقے سے معاملات کو بہتر بنایا جاسکے .
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ موجودہ حکومت معاملات کی بہتری اور عوام کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلائے گی . اس موقع پر بورڈ آف ریونیو کے آئی ٹی انچارج اشفاق کا کہنا تھا کہ بورڈ آف ریونیو میں شکایت سیل قائم کردیا ہے یہاں پر درج ہونے والی شکایت براہ راست سینئر ایم بی آر کے پاس پہنچے گی اور شکایت سیل میں جو بھی شکایت آئے گی اس پر فوری طور پر ایکشن لیا جائے گا . آنے والی شکایات پر تین مراحل میں ایکشن لیا جائے پہلے مرحلے میں ڈپٹی کمشنر، دوسرے مرحلے میں کمشنر اور تیسرے مرحلے میں سینئر ایم بی آر اس کا جائزہ لیکر شکایت کا ازالہ ممکن بنائیں گے . ایک سوال کے جواب میں ا نہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ لوگوں کی سہولت کے لئے پورٹل قائم کیا ہے تاکہ لوگ اپنے موبائل فون یا ای میل کے ذریعے شکایت درج کراسکتے ہیں . ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سنجیدگی کے ساتھ کوششیں کرکے لوگوں کے مسائل کو حل کریں جتنا بھی بااثر شخص غیر قانونی اقدامات میں ملوث ہوگا ان کے خلاف کارروائی ہوگی اور گھروں کو کمرشل مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے اور غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کو یقینی بنائیں گے . وفاقی حکومت جو بھی پالیسی بناتی ہے اس پر صوبے عمل کرتے ہیں اور جو صوبے پالیسی دیتے ہیں اس پر وفاق عمل کرتا ہے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر خزانہ و مال امجد رشیپد کا کہنا تھاکہ ہم نے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کو فعال بنایا ہے اس حوالے سے پشین، گوادر اور کوئٹہ میں سہولت مراکز قائم کئے ہیں اور پشین کا 92 فیصد ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے 5منٹ میں فرد مہیا کی جاتی ہے اس گوادر میں 15 منٹ میں رجسٹری کا عمل مکمل کرکے مذکورہ رجسٹری کردی جاتی ہے ہماری کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرکے لوگوں کو مشکلات سے چھٹکارا دلائے .
. .