محمد حارث نے ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہونیوالے نسیم شاہ کو مشورہ دیدیا

لاہور (قدرت روزنامہ) نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہوگئے ہیں .

یہی وجہ ہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد حارث نے نسیم شاہ کو مضبوط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک دلچسپ پیشکش کی ہے .

خیال رہے کہ نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہو گئے تھے اور طبی ماہرین کے مطابق نسیم شاہ کو دوبارہ گراؤنڈ میں واپسی کے لیے چار سے پانچ ماہ درکار ہوں گے . ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 'بوجھل دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں ورلڈ کپ میں نہیں ہوں گا، میں مایوس ہوں لیکن میرا یقین ہے کہ یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے' .

نسیم شاہ نے مزید لکھا کہ 'انشاء اللہ بہت جلد دوبارہ میدان میں ہوں گا، تمام فینز کا شکریہ جنہوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا' . نسیم شاہ کی پوسٹ پر محمد حارث نے ریپلائی کرتے ہوئے لکھا کہ 'مضبوط رہو دوست' . اس پوسٹ میں انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ 'نسیم میرا شولڈر (کندھا) لے لے' .

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کی واپسی ہوئی ہے . ورلڈکپ کے لیے 22 ستمبر کو ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ نسیم شاہ کا ورلڈکپ سے باہر ہونا ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے لیکن یہ گیم کا حصہ ہے .

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، حسن علی ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ان کی ماضی میں پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنسز بھی رہی ہیں .

. .

متعلقہ خبریں