کوئٹہ (قدرت روزنامہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اتوار کے روز کوئٹہ شہر کا دورہ کیا اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت مری آباد میں تعمیر شدہ عمارت، سریاب روڈ، سبزل روڈ، مغربی بائی پاس، ہزار گنجی بس اڈہ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبوں سمیت ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا . کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر بھی ہمراہ تھے چیف سیکرٹری نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی .
کمشنر کوئٹہ نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع میں پندرہ مساجد آ رہی ہیں جن کے متبادل کے لیے مساجد کے منتظمین سے بات چیت جاری ہے . چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا . چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تمام حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے . انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر کام بلا تعطل جاری رہے تاکہ مقررہ مدت میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے . چیف سیکرٹری نے درپیش مسائل کو جلد حل کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی . انہوں نے ہزار گنجی بس اڈہ کی تین مہینوں میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی . انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر سے ٹریفک کے مسائل ہو جائیں گے . انہوں نے ہدایت کی کہ کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے انتظام کو یقینی بنایا جائے . انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے موجودہ منصوبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں جبکہ کوئٹہ شہر کی بہتری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل سے کوئٹہ ایک جدید خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بن جائے گا . انہوں نے کہا ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے تو ترقی ہو گی اور عوام خوشحال ہونگے . اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ لائٹ کا کام بھی شروع ہے .
. .