علی ظفر نے آئی سی سی ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کردیا

کراچی(قدرت روزنامہ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کیے گئے ورلڈ کپ 2023 کے ترانے پر شائقین کرکٹ کے ردعمل کے بعد اب پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا ہے . گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا آفیشل ترانہ ریلیز کیا تھا .

آئی سی سی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریلیز ہونے والے خصوصی ترانے ’ دل جشن بولے‘ میں بالی ووڈ کے سُپر اسٹار رنویر سنگھ نے پرفارم کیا ہے جبکہ میوزک کمپوزر پریتم ہیں .

شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین نے ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ پاکستانی شائقین نے تو گلوکار علی ظفر سے آئی سی سی کا ترانہ بنانے کی فرمائش کردی ہے . مداحوں کے کہنے پر اب علی ظفر نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے آئی سی سی ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا ہے . علی ظفر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘ہماری عوام کو بہت کم تفریحی کے مواقع ملتے ہیں اور جب کوئی کرکٹ ایونٹ ہوتا ہے تو ہماری عوام چاہتی ہے کہ ترانہ ایسا ہو جو دھوم مچا دے’ . گلوکار نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ‘میرے پاس ایک آئیڈیا ہے جس کے تحت میں آپ سب کے ساتھ ملکر ایک ترانہ تیار کرسکتا ہوں’ . اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان کے نوجوان میوزک کمپورز، رائٹرز اور پروڈیوسرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘میں آپ کو میرے ساتھ ملکر ترانہ بنانے کی دعوت دے رہا ہوں’ . علی ظر نے کہا کہ ‘جن لوگوں کو موسیقی میں دلچسپی ہے، پھر چاہے وہ کوئی دُھن بنانا ہو، گانے کے بول لکھنا ہو، گلوکاری کرنا ہو یا آئیڈیاز دینا ہو، وہ میرا ساتھ دیں’ . گلوکار نے یہ بھی کہا کہ ‘آپ اپنے آئیڈیاز، اپنی دُھن اور گانے کے بول لکھ کر مجھے سوشل میڈیا پر ٹیگ کرکے شیئر کریں’ . اُن کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی ہوگا کہ جب ہم جمہوری طریقے سے اپنے لیے ترانہ بنائیں گے، ہم کوشش کریں گے اور اللہ ہماری مدد کرے گا’ . یاد رہے کہ کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ورلڈ کپ 2023، 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا . . .

متعلقہ خبریں