راولپنڈی(قدرت روزنامہ)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی شرپسند قوتوں کو ملک کی معاشی و انسانی ترقی سے تکلیف پہنچ رہی ہے، قوم کی حمایت سے خوارج کے خلاف پوری طاقت سے آپریشن جاری رہے گا . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے آمد پر اُن کا استقبال کیا .
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی . بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی . شرکاء کی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی . چیف آف آرمی سٹاف نے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ’’12 ربیع الاول کو ہونے والی دہشت گردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے‘‘ . انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار خوارج ہیں، جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں، بری طاقتوں کے خلاف قوم کی حمایت سے ریاست اور سیکورٹی فورسز بھرپور طاقت کا استعمال کرتی رہیں گی . چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا . انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے . جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے . آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی . سپہ سالار کو بتایا گیا کہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے . آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں ، سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا .
. .