کوئٹہ (قدرت روزنامہ) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ چین کی معاشی کامیابی ترقی پذیر ممالک کے لئے مثال ہے ،بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری اور مجوزہ منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا، پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگی . اتوار کو چین کے قومی دن کے حوالے سے ایک پیغام میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگی چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستانی عوام خصوصی اہمیت دیتے ہیں .
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کے جڑے لازوال رشتے سے سی پیک اور سٹریٹجک معاملات کو فروغ حاصل ہوا ہے . انہوں نے کہا کہ دورہ گوادر کے دروان انہوں نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیکر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پاک چین اقتصادی کوریڈور کو بلوچستان اور پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے جلد بار آور بنایا جائے سی پیک کی مخالف آوازوں کو جان لینا چاہیئے کہ یہ منصوبے رکیں گے نہیں بلکہ انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا . نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے عوامی جمہوریہ چین کو سب سے پہلے آزاد و خودمختار ملک کی حیثیت سے تسلیم کیا، پاکستان اور چین عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں . انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت سی پیک کے تحت تیز رفتار ترقی و خوشحالی کو نہیں روک سکتی . یہ عظیم سفر تیزی سے جاری ہے اورجاری رہے گا اس ضمن میں بلوچستان حکومت معیشت کی بحالی و تنظیم نو کے لیے قومی معاشی منصوبے پر پوری تندہی سے کام جاری رکھے گی .
. .