کراچی: نجی ایئر لائن کے 300 عمرہ زائرین 24 گھنٹوں سے خوار


کراچی (قدرت روزنامہ)نجی ایئر لائن کے ذریعے اسلام آباد سے روانہ ہونے والے 300 سے زائد عمرہ زائرین گزشتہ 24 گھنٹے سے کراچی میں خوار ہو کر رہ گئے . ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق نجی ایئر لائن سیرین ایئر کی پرواز ای آر 1801 نے گزشتہ دوپہر اسلام آباد سے جدہ کے لیے ٹیک اف کیا تھا .


دوپہر 1 بج کر 42 منٹ پر اڑان بھرنے والی پرواز کو ہنگامی صورت حال پیدا ہونے پر 3 بج کر 42 منٹ پر کراچی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا تھا . ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر بس اے 330 طیارے میں آکسیجن ختم اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کی شکایت ملی تھی .
مسافروں کے مطابق دورانِ پرواز طیارے میں جھٹکے لگنے سے چیخ و پکار ہوئی اور عمرہ زائرین کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے، عمرہ زائرین گزشتہ 24 گھنٹے سے کراچی ایئر پورٹ پر بے یار و مددگار ہیں . مسافروں کے مطابق عمرہ زائرین کو ہوٹل منتقل کیا گیا اور نہ ہی جدہ پہنچانے کا کوئی انتظام ہے .
مسافروں کا کہنا ہے کہ پانی اور دیگر اشیاء وہ خود خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ بیشتر عمرہ زائرین کو احرام میں ہونے کی وجہ سے دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے . دوسری جانب سیرین ایئر کے سی ای او محمد صفدر خان کے مطابق مسافروں کو ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل کی آفر کی گئی تاہم مسافروں کی اکثریت نے اسے قبول نہیں کیا .
انہوں نے بتایا کہ پرواز کے کچھ مسافر ہوٹل میں قیام پزیر ہیں جبکہ اکثریت ایئر پورٹ پر ہی موجود ہے . ایئرپورٹ پر مسافروں کی جانب سے وقفے وقفے سے ایئر لائن کے خلاف احتجاج کا سلسلسہ بھِی جاری ہے . انہوں نے بتایا کہ طیارے کا مینٹینس ورک مکمل ہوتے ہی جلد پرواز کو روانہ کر دیا جائے گا .
صفدر خان کے مطابق ہوٹل نہ جانے والے مسافروں کو ایئر پورٹ پر اشیائے خور و نوش کی فراہمی جاری ہے، مسافروں کی سیفٹی پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، کلیئرنس ملتے ہی پرواز روانہ ہو جائے گی .

. .

متعلقہ خبریں