دورہ پاکستان ٗ انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نےبڑا اعلان کردیا

لندن ٗ کراچی(قدرت روزنامہ) انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ان کی سکیورٹی ٹیم رپورٹ دےگی جس کے بعد دورہ پاکستان کا فیصلہ کریں گے . ایک انٹرویو میں انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دستبرداری سے آگاہ ہیں، ہم وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ نیوزی لینڈ نے اچانک دورہ کیوں منسوخ کیا .

ترجمان نے کہا کہ زمینی حقائق جاننے کے لیے ان کے سکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان میں ہے جس سے رابطے میں ہیں، ماہرین کی ٹیم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، ٹیم آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اپنی رپورٹ دے گی . ترجمان انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے یا نہیں اس حوالے سے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کریں گے . واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے کچھ دیر پہلے نیوزی لینڈ نے سکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناکر پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیریز بھی ملتوی ہوگئی . دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے عین وقت پر ساتھ چھوڑ جانے کی صورتحال میں انگلش کرکٹ بورڈ کو پی سی بی کا اپنے عمل سے ساتھ دینا چاہیے . انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ یہ انگلش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کا ساتھ دینے کا وقت ہے . شاہد آفریدی کے مطابق انگلش بورڈ کو ناصرف الفاظ بلکہ اپنے عمل سے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دینا چاہیے . اپنے ٹوئٹ میں سابق کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے سر چکرا دینے والے فیصلے کے باوجود پاکستان دورے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے . انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں انگلش بورڈ کو کورونا کی بدترین صورتحال میں پاکستان کے گزشتہ برس کے دورے کو یاد رکھنا چاہیے . . .

متعلقہ خبریں