ابوظہبی کا یو اے ای میں داخلے کیلئے کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط 19 ستمبر سے ختم کرنے کا اعلان

ابوظہبی(قدرت روزنامہ) ابو ظہبی کی حکومت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں داخلے کیلئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط 19 ستمبر کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے . یو اے کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ابو ظہبی کی کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ کمیٹی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی اور شہریوں سے صحت کی تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل ہے تاکہ بحالی کی راہ پر اسی طرح گامزن رہا جا سکے .

متحدہ عرب امارات کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اب تک 80 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جاچکی ہے اور گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے مریضوں میں کمی دیکھی گئی اور ایک روز میں صرف 521 نئے مریض سامنے آئے . ابو ظہبی کی ایمرجنسی کمیٹی نے گزشتہ مہینے اعلان کیا تھا کہ شاپنگ مال، کسرت خانوں، کیفے، ریسٹورنٹس، دکانوں، میوزیم، پارکس، ریزورٹس اور صحت کے مراکز جیسے عوامی مقامات پر صرف اور صرف ان لوگوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جن کا الحصن ایپلی کیشن میں سٹیٹس گرین ہو گا . ’الحصن‘ وہ موبائل ایپلی کیشن ہے جسے امارات حکومت کی جانب سے شہریوں اور ملک میں مقیم عوام کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی آگاہی اور معلومات دینے اور ویکسی نشن کا شمار رکھنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اور اس ایپلی کیشن میں کسی بھی شخص کا سٹیٹس دیکھا جا سکتا ہے . ابوظہبی میں مقیم ایسا کوئی بھی شخص جس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آتا ہے، اس کی ایپلی کیشن پر 30 دنوں کیلئے سٹیٹس گرین ہو جاتا ہے جبکہ منفی کورونا وائرس ٹیسٹ کے حامل ایسے افراد جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں داخل ہوتے ہیں، ان کا سٹیٹس بھی 7 دنوں کیلئے گرین کر دیا جاتا ہے . . .

متعلقہ خبریں