پاکستان اور چین کے مابین بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر 15 سے زائد معاہدوں پر دستخط ہوں گے، سینیٹر عبدالقادر

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ریلویز کے ایم ایل ون منصوبے سمیت 15 سے زائد منصوبوں کے ایم او یوز پر دستخط ہوں گے17 اور 18 اکتوبر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو فورم کا انعقاد ہوگا، فورم کے موقع پر پاکستان اور چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں بڑا بریک تھرو کریں گے . انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت پاکستان کی 1733 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کو کراچی سے پشاور تک آپ گریڈ کیا جائے گا اور ٹرین کی رفتار کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک لانے کے لئے نیا ٹریک بھی بچھایا جائے گا، چین کا ریل کا نظام دنیا کا جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس شاہکار نظام ہے، چین ریلوے کامعیار امریکہ، یورپ اور برطانیہ کے ریل کے معیار سے کسی صورت کم نہیں ہے بلکہ جدید ترین ہونے کے ناتے ان ممالک کے ریل کے نظام سے زیادہ اپ گریڈ ہے، چین ریلوے کے معیار کا ایک نمونہ لاہور اورنج ٹرین سروس کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے .

انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر، توانائی اور دیگر منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، سی پیک کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق بھی اعلان کئے جائیں گے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا سب سے اولین اور اہم منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کے مابین دس سال قبل شروع ہوا، منصوبے میں چین اب تک 30 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر چکا ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ایم ایل ون اور تھاکوٹ، صنعت اور توانائی کے منصوبوں سمیت دیگر منصوبوں پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے . چیئرمین قائمہ کمیٹی نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ دس برس سے تعطل کا شکار ہے، یہ عظیم الشان منصوبہ چین کے تعاون سے ایک دہائی قبل ہی مکمل کر لیا جانا چاہئے تھا1733کلومیٹر طویل ریلوے لائن بچھانے سے کمیونیکیشن تیز تر ہوگی، پاکستان ریلوے چین کی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوکر پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی،دونوں ممالک اس میگا پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے شدت سے خواہاں ہیں، چین کا دیا ہوا ریلوے کا یہ نظام سی پیک منصوبے کے ثمرات عوام تک جلد پہچانے میں معاون ثابت ہو گا .

. .

متعلقہ خبریں