گندے کپڑے سے صفائی کرنا یا صبح صبح میکے فون گھمانا، کچھ ایسی عادتیں جو پاکستانیوں کی کبھی تبدیل نہیں ہوسکتیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی قوم اگرچہ خود کو مختلف ناموں سے پکارتی ہے کوئی شیخ تو کوئی آرائيں کوئی خان تو کوئی سومرو، کسی کا تعلق سندھ سے تو کسی کا پنجاب سے کوئی بلوچی تو کوئی پٹھان، کوئی گورا تو کوئی سانولا غرض کسی بھی رنگ و نسل سے تعلق ہو مگر دل تو سب کا ہی پاکستانی ہوتا ہے- اور یہی وجہ ہوتی ہے کہ ان کی بہت ساری عادات یکساں ہوتی ہیں آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ عادات کے بارے میں بتائيں گے-
پاکستانی قوم کی خالص پاکستانی عادات
آج ہم آپ کو پاکستانی قوم کی کچھ ایسی ہی عادات بتائيں گے جو لاشعوری طور پر ہم سب بھی انجام دیتے ہیں مگر کسی اور کو کرتے دیکھتے ہیں تو تھوڑے سے خجل ضرور ہو جاتے ہیں-
1: چیز صاف کرنے کے لیے گندے کپڑے کا استعمال
عام طور پر جب کسی چیز کو صاف کرنا ہو تو ہر گھر میں ایک کپڑا موجود ہوتا ہے جو بہت گندا سا ہوتا ہے اور جس کو صافی یا ڈسٹر کا نام دیا جاتا ہے اور صفائی کے لیے اسی گندے کپڑے کا استعمال کیا جاتا ہے یہ کپڑا ہر گھر میں موجود ہوتا ہے آپ کے گھر میں بھی ہے نا؟

2: مہمانوں کی خاطر مدارت کے لیے خاص ڈنر سیٹ
ہر گھر میں شوکیس کے اندر ایک خاص ڈنر سیٹ ضرور ہوتا ہے جس کو صرف خاص مہمانوں کے لیے ہی نکالا جاتا ہے اور مہمانوں کو اس میں کھانا سرو کیا جاتا ہے- اس ڈنر سیٹ میں امی کی جان ہوتی ہے کیوں کہ وہ ان کے جہیز کا سیٹ ہوتا ہے یہ سیٹ مہمانوں کے جاتے ہی دھو کر سنبھال دیا جاتا ہے-
3: بچے مہمانوں کے ساتھ کھانا نہیں کھاتے
مہمانوں کی خاطر مدارت اور ان کو دیے جانے والے پروٹوکول کے سبب بچوں کو مہمانوں کے ساتھ کھانے پر نہیں بٹھایا جاتا ہے اور مہمانوں کے جاتے ہی بچے فوراً کھانے کی ٹیبل پر ٹوٹ پڑتے ہیں اور بچے کچھے کھانے پر حملہ کرتے ہیں- کوئی مانے یا نہ مانے اپنے بچپن میں سب ہی نے یہ کیا ہوگا
4: بہنیں ہر نئی ڈش سب سے پہلے بھائيوں کو ہی کھلاتی ہیں
اگرچہ بہن بھائیوں کے درمیان بچپن میں جھگڑے ہونے ایک عام بات ہے مگر تھوڑا بڑے ہونے پر یہی بہن بھائی محبت کی ڈور سے بندھ جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھائی بھی اپنے سارے راز خاموشی سے بہنوں کو بتا دیتے ہیں اور بہنیں بھی جو کچھ بھی نیا پکاتی ہیں سب سے پہلے اس کے تجربات بھائيوں پر ہی کرتے نظر آتی ہیں-

5: خاندان کی ساری سیاست اور خبریں ایک فون کال پر
گھر کی خواتین کا روزانہ سب سے پہلا کام شوہر اور بچوں کو بھجوانے کے بعد لمبی لمبی فون کال کرنا ہوتا ہے جس سے وہ نہ صرف پورے خاندان کی رپورٹ لیتی ہیں بلکہ ساری سازشیں بھی ان ہی فون کالز پر تیار ہوتی ہیں- کس کا رشتہ ہوا اور کس کا بچہ ہونے والا ہے یہ تمام چیزیں بھی صبح کی پہلی کال پر ہی بتائی جاتی ہیں-
6: بریانی کا بننا خاص دن ہوتا ہے
بریانی کو پاکستان کا قومی کھانا قرار دیا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا ملک کے کسی بھی شہر کی کسی بھی گلی کے کسی بھی گھر میں جس دن بریانی بنتی ہے وہ اس گھر کا بہت خاص دن ہوتا ہے- اس گھر والے اس دن باہر سے کچھ بھی کھانے سے بچتے ہیں تاکہ بریانی سے اچھی طرح سے دو دو ہاتھ کر سکیں-
یہ تمام عادات یقیناً آپ کے گھر میں بھی ہوں گی اور ان کو دوسروں کے گھروں میں دیکھ کرآپ بھی یہ کہنے پر مجبور ہو جاتے ہوں گے کہ تم نہیں بدلو گے-

. .

متعلقہ خبریں