فارن فنڈنگ : حکومت کا (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کیخلاف بڑا قدم ،الیکشن کمیشن نے سکروٹنی رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کیخلاف بڑا قدم اٹھا لیا،الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر اسکروٹنی کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی . تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مبینہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اسکروٹنی کمیٹی سے رپورٹ طلب کر لی .

دورانِ سماعت فرخ حبیب کی جانب سے الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی کہ اکبر ایس بابر کو ریکارڈ تک رسائی کی جو سہولت دی گئی وہ ہمیں بھی دی جائے، مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہیں کروا رہیں، ہمیں بھی فارن فنڈنگ اسکروٹنی میں یکساں مواقع فراہم کیئے جائیں . الیکشن کمیشن کے باہر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ کچھ بہروپیے کشمیر کے دورے پر ہیں، ان کو کشمیر کی تاریخ کا کچھ پتہ ہی نہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو شادیوں پر مودی کو دعوت دے کر بلا لیتے ہیں، یہ بھارتی اداکاروں سے مل کر خوش ہوتے ہیں، کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے ان کی زبان کانپنا شروع ہو جاتی ہے، یہ مودی کو خوش کرنے کیلئے کشمیری حریت رہنماؤں سے نہیں ملتے . فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کیلبری کی طرح نواز شریف کی کشمیر میں ہونے کی جعلی تصویر لگائی، مریم نواز کے جھوٹ کئی بار پکڑے جاچکے ہیں . انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی، کشمیری جانتے ہیں عمران خان ہی دنیا میں ان کے سچے سفیر ہیں، عمران خان نے مودی کی انتہا پسند سوچ کو دنیا میں بے نقاب کیا . وزیر مملکت اطلاعات نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اجازت دی جائے، ہم نے 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ جمع کرایا، ن لیگ نے 12، پیپلزپارٹی نے 7 اکاؤنٹس چھپائے، پارٹی اکاؤنٹس کو بھی منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا گیا، ان کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے ؟ کیا پارٹی اکاؤنٹس کو بھی پاپڑ والوں کیلئے استعمال کیا گیا، یہ اداروں میں آکر حساب کیوں نہیں دیتے؟ ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے . . .

متعلقہ خبریں