نواز شریف اپنی” آخری اننگز” کا آغاز کررہے ہیں, مگر کونسی 2 تلواریں موجود ہیں؟مظہر عباس نے اہم نشاندہی کر دی


کراچی (قدرت روزنامہ)کل کے غدار آج کے محب وطن اور کل کے محب وطن آج غدار ٹھہرائے جارہے ہیں . بظاہر یہ سلسلہ رکتا نظر نہیں آرہا .

ملکی سیاست ’سانپ سیڑھی‘ کی مانند ہے کب کوئی کہاں پہنچ جائے پتا ہی نہیں چلتا . نواز شریف اپنی چوتھی اور غالباً سیاسی طور پر آخری اننگز کا آغاز کررہے ہیں, میاں صاحب کے خلاف 2017کا فیصلہ غلط ہوسکتا ہے مگر تاحال2 تلواریں موجود ہیں.سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے اہم نشاندہی کر دی .
"جیو " میں شائع ہونیوالے اپنے بلاگ بعنوان "میاں صاحب اور ’اتفاقیہ سیاست‘" میں مظہر عباس نے لکھا کہ ہماری پوری سیاست ’اتفاقیہ‘، ’حادثات‘ اور ’ردعمل‘ سے بھری پڑی ہے ایک کو گرانے کیلئے دوسرے کو لایا جاتا ہے اور پھر یہ عمل اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک معاملات لانے والوں کے کنٹرول میں رہتے ہیں . اس ’نظریہ سیاست‘ میں تیزی 70کی دہائی کے بعد آئی نواز شریف اور عمران خان، اس کی زندہ مثالیں ہیں . کل کے غدار آج کے محب وطن اور کل کے محب وطن آج غدار ٹھہرائے جارہے ہیں . بظاہر یہ سلسلہ رکتا نظر نہیں آرہا اور اسی لئے آنے والا وقت نہ سیاست اور نہ ہی جمہوریت کیلئے کوئی بڑی ’خوشخبری‘ لارہا ہے . ملکی سیاست ’سانپ سیڑھی‘ کی مانند ہے کب کوئی کہاں پہنچ جائے پتا ہی نہیں چلتا .
اپنے بلاگ میں مظہر عباس نے مزید لکھا کہ ہماری سیاست میں ایک پروجیکٹ لایا جاتا اس سے ’دل‘ بھر جاتا ہے تو دوسرا لے آتے ہیں جب تک یہ پروجیکٹ بنانے کی انڈسٹری بند نہیں ہوتی اس ملک کی درست سمت کا تعین نہیں ہوپائے گا . رہ گئی بات صحافت کی وہ پہلے بھی بہت معیاری نہ تھی مگر کچھ ضابطے ضرور تھے اب تو ’صحافی اور صحافت‘ دونوں ہی ’برائے فروخت‘ ہیں . میاں صاحب 3بار وزیراعظم بنے مگر ہر بار ان کی اننگ نامکمل رہی . میاں صاحب کی تیسری اننگز کی ناکامی کی وجہ ان کا عمران کے مطالبے پر 4حلقے نہ کھول کر غیرضروری طور پر ان قوتوں کو موقع دینا تھا جو پہلے ہی ان سے ناخوش تھیں دوسری بات 2016 میں پانامہ لیک کے بعد جس میں ان کا نہیں مگر بیٹوں کا نام ضرور تھا اگر وہ اخلاقی طور پر استعفیٰ دے کر نئے انتخابات کی طرف جاتے یا خود کسی دوسرے کو وزیراعظم نامزد کرتے تو وہ زیادہ طاقتور بن کر سامنے آتے . تیسری بڑی غلطی پارلیمنٹ میں جانے کے بجائے سپریم کورٹ جانا اور پھر JIT کا بائیکاٹ نہ کرنا تھا . رہ گئی بات مینار پاکستان پر تقریر میں کہنے کی کہ 23سال آپ یا تو جیل میں رہے یا جلاوطن یا مقدمات تو 2000میں بھی آپ نے خود جلاوطنی کا آپشن لیا اور 2020 میں بھی ورنہ اگر ملک میں رہتے جیل ہو یا نظربندی تو آج آپ کو اپنے ہی ہوم گراؤنڈ لاہور میں سیاسی طور پر ان مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا .
اپنے بلاگ کے آخر میں مظہر عباس نے لکھا کہ میاں صاحب اب اپنی چوتھی اور غالباً سیاسی طور پر آخری اننگز کا آغاز کررہے ہیں اس بار وہ مقدمات اور نا اہلی کو ختم کرواکر ہی اس کا آغاز کرسکتے ہیں . اس ملک میں تباہی کی جتنی ذمہ دار عدلیہ ہے شاید ہی کوئی دوسرا ادارہ ہو . میاں صاحب کے خلاف 2017کا فیصلہ غلط ہوسکتا ہے مگر تاحال یہ دو تلواریں تو موجود ہیں . ایک آخری درخواست یہ سارے پروجیکٹ بنانے والوں سے، خدارا خود ہی غور کریں اگر کوئی پروجیکٹ لاتے ہیں تو اسے چلنے تو دیا کریں، یہ چھوٹے بڑے پروجیکٹ ہر چند سال بعد لاکر ملک کی سیاست کو کہاں لاکھڑا کیا؟ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ یہی طریقہ ہے سمت کے تعین کا تو آپ تاریخی غلطی کر رہے ہیں . غلطی کو سدھارنے کا درست طریقہ یہی ہے کہ جمہوری نظام کو آگے بڑھنے دیں سب اپنے اپنے حصے کا کام کریں . اس ’سانپ سیڑھی‘ کے کھیل کو ختم کریں ورنہ نہ معیشت آگے جائیگی نہ سیاست، ایسے میں ریاست ہوگی بھی تو کیسی؟ .

. .

متعلقہ خبریں