کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کیخلاف ایک اور پٹیشن دائر

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) آل پارٹیز کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے درخواست کے خلاف کوئٹہ کے متعدد شہریوں نے بلدیاتی الیکشن کے حق میں عدالت عالیہ میں درخواست دائر کردی . تفصیلات کے مطابق کوئٹہ بلدیاتی الیکشن کے شیڈول جاری ہونے کے بعد آل پارٹیز کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کرنے کے لیئے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا درخواست کی پیروی سینیٹر کامران مرتضی نے کی .

جبکہ بلدیاتی الیکشن کے حق میں کوئٹہ سے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد علاقائی سیاسی اور سماجی رہنماں نے بھی درخواست دائر کردی درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ کوئٹہ میں ایک مخصوص گروہ کی جانب سے عرصہ دراز سے بلدیاتی الیکشن کو ایک سازش کے تحت روکنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ کے عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے محروم کیا جا رہا ہے . آخری بلدیاتی الیکشن سال 2014 میں ہوا اس کے بعد سے آج تک کوئٹہ کے بلدیاتی اداروں کو آفسر شاہی کے ذریعے چلایا جارہا ہے جس کی وجہ سے پورا کوئٹہ شہر مسائلستان بنا ہوا ہے . خدا خدا کرکے بلآخر کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری ہوا ہے جو کہ خوش آئیند ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہ ہی مخصوص ٹولہ عدالت عالیہ کے ذریعے الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیئے الیکشن کو ملتوی کرنا چاہتا ہے جو کوئٹہ کے عوام سے سراسر ناانصافی ہے . درخواست گزاروں نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ بلدیاتی الیکشن کے بارے میں اپنے پالیسیوں پر نظرثانی کریں تاکہ بنیادی جمہوریت کو تقویت مل سکے . درخواست گزاروں نے عدالت عالیہ سے خصوصی استدعا کی ہے کہ شہری دشمن تمام درخواستوں کو مسترد کرکے الیکشن کمیشن کو اپنے مقررہ وقت اور شیڈول کے مطابق بلدیاتی کے انعقاد کا پابند بنائے . درخواست گزاروں کی جانب سے کیس کی پیروی ایڈوکیٹ محمد امین مگسی اور ایڈووکیٹ صدام مینگل کریںگے .

. .

متعلقہ خبریں