افغان مہاجرین اور فنکاروں کے انخلا کے حوالے سے بلوچستان ہائیکورٹ میں دائر درخواست خارج

کوئٹہ(قدرت روزنامہ )چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جناب جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بینچ نے محمد کاظم وغیرہ کی افغان مہاجرین اور فنکار گلوکاروں کے انخلا کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی . درخواست دہندہ گان نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے افغان شہری اور فنکار/گلوکار ہیں کہ وہ کوئٹہ میں پناہ گزین کے طور پر آباد ہوئے اور طالبان کے ہاتھوں حکومت پر قبضے کے بعد افغانستان چھوڑ کر چلے گئے تھے کیونکہ طالبان حکومت نے کھلے عام اعلان کیا تھا کہ کوئی بھی افغانستان میں موسیقی/کنسرٹ وغیرہ کی سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی .

درخواست گزاروں نے ریلیف کی درخواست کی تھی درخواست گزاروں کے وکیل کو سننے کے بعد معزز کورٹ نے دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ غیر قانونی افغانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت پاکستان کے پالیسی فیصلے کے مطابق 10.10.2023 کو چیف کمشنریٹ فار افغان ریفیوجیز وزارت ریاستوں اور سرحدی علاقوں کی طرف سے خط لکھا گیا ہے . معزز عدالت نےوزارت افغان ریفیوجیز کے چیف کمشنر کے خط کی روشنی میں متعلقہ درخواست گزاروں کے پاس کسی بھی قسم کی رہائشی دستاویزات یا سفری دستاویزات نہ ہونے کی بنا پر دائر درخواست خارج کردی جبکہ اسی حوالے سے دوسری آئینی درخواست پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جناب جسٹس نزیر احمد لانگو پر مشتمل بینچ نے وزارت افغان ریفیوجیز کے چیف کمشنر کے خط کی روشنی میں خارج کردی . معزز بینچ نے کہا کہ درخواست دہندہ ایڈووکیٹ جلال الدین چونکہ ایک پاکستانی شہری ہیں اور آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت انکے کوئی آئینی حقوق سلب نہیں ہوتے . اس بنا پر درخواست خارج کی جاتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں