ورلڈ کپ کے بعد استعفیٰ: بابر اعظم نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دنیا کے دوسرے بہترین بلے باز بابر اعظم نے ورلڈ کپ 2023 کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی ہے کیونکہ انہیں پرفارمنس کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے .
مقامی روزنامے میں شائع رپورٹ کے مطابق بابر اعظم نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین سے مشاورت کی جہاں ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کی آخری کوشش کے لیے آج انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی .


ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کے پیش نظر بابر اعظم اپنی کپتانی کے حوالے سے وطن واپسی پر فیصلہ کریں گے .
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بابر اعظم موجودہ صورتحال میں کپتانی چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن وہ اپنے والد کے مشورے کو مدنظر رکھیں گے .
کپتان پی سی بی اور سابق کرکٹرز کے رویے سے مایوس ہیں جس کے پیش نظر انہوں نے وائٹ بال کرکٹ میں اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے .
بابر اعظم کے قریبی لوگوں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں قائدانہ عہدہ چھوڑ دیں کیونکہ پاکستان ورلڈ کپ کے بعد ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے .
ذرائع کی جانب سے یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ بابر اعظم انگلش ٹیم کے خلاف اہم مقابلے کے فوری بعد بھارت میں اپنے فیصلے کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے تھے تاہم اب وہ وطن واپسی پر یہ فیصلہ کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں