اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 57 ہزار کی سطح عبور کر گیا .
پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے پہلے جائزے پر عملے کی سطح کے معاہدے پر پہنچنے کے بعد سرمایہ کاروں نے خوشی کا اظہار کیا .


بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 792.68 پوائنٹس یا 1.40 فیصد اضافے سے 57 ہزار 472.74 کی سطح پر پہنچ گیا .
واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس ریڈ اور گرین زونز کے درمیان 14.14 فیصد اضافے کے ساتھ 56,680.07 پر بند ہوا تھا .
آج آٹوموبائل اسمبلرز، کیمیکل، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، ریفائنریز اور فارماسیوٹیکلز سمیت انڈیکس میں بھاری حصص کی خریداری دیکھی گئی .
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی تجزیہ کار ثنا توفیق نے آئی ایم ایف پاکستان معاہدے کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مارکیٹ میں بہتری آئی ہے .
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر آئی ایم ایف نے پاکستان کے معاشی اقدامات، یعنی فعال مانیٹری پالیسی اور مالیاتی استحکام کو اپنانے کا اعتراف کیا ہے، جس سے یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے .
تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی سفارش پر نگران وفاقی کابینہ کی جانب سے بینکوں کے غیر ملکی منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی منظوری کے بعد انڈیکس ہیوی بینکنگ سیکٹر میں فروخت جب کہ کمرشل بینکوں میں مندی دیکھی گئی .
ماہر معاشیات کا کہنا تھا کہ کثیر الجہتی اور دوطرفہ قرض دہندگان کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے سے مثبت رجحان کو مزید تقویت ملے گی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آنے کا امکان ہے .

. .

متعلقہ خبریں