ہماری حکومت جنسی تشدد کیخلاف جنگ میں پاکستانی حکومت کی حمایت کرتی ہے، امریکی سفیر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جنوبی پنجاب کا پہلا اینٹی ریپ کرائسز سیل نشتر اسپتال ملتان میں قائم کر دیا گیا، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اینٹی ریپ کرائسز سیل کا افتتاح کیا . امریکی سفیر نے ملتان میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا .


اینٹی ریپ کرائسز سیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی حکومت جنسی تشدد کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت کی حمایت کرتی ہے .
انھوں نے کہا کہ اینٹی ریپ کرائسز سیل کے لیے 1.5 ملین ڈالرز خرچ کیے گئے . کراچی، سکھر، ملتان میں اے آر سیز سینٹرز قائم ہوچکے ہیں .
یاد رہے کہ اینٹی ریپ کرائسز سیل محکمہ صحت پنجاب اور یو این وومن کے تعاون سے بنایا گیا ہے .
افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اقبال اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب ظفر بھی موجود تھے .
اس سے قبل ڈونلڈ بلوم نے ملتان میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کا دورہ کرکے جامعہ کے وائس چانسلر اور لنکن کارنر میں طلباء و طالبات سے ملاقات کی .
امریکی سفیر نے لنکن کارنر میں موجود طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا جنوبی پنجاب ملتان کا پہلا دورہ ہے، لنکن کارنر منصوبہ بھی تعلیمی شعبے میں فروغ کا مظہر ہے، البتہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلیمی شعبے میں تعاون جاری رکھیں گے .
اس موقع پر امریکی کونسل جنرل لاہور کرسٹن ہوکنز کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب ملتان پنجاب میں تاریخی اہمیت کا حامل ہے، قونصل جنرل لاہور جنوبی پنجاب کلچر اور تعلیم و تجارت میں فروغ کے لیے کوشاں ہیں .
اس کے علاوہ ڈونلڈ بلوم نے دربارِ حضرت شاہ شمس تبریز کا دورہ کیا اور انہیں وہاں جاری ترقیاتی کام پر بریفنگ دی گئی .

. .

متعلقہ خبریں