بلوچستان میں مشرف کی لگائی آگ کی شدت، نوجوانوں کو ماورائے قانون گرفتار و لاپتا کیا جارہا ہے، جان محمد بلیدی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے دیوالی کی تقریب سے خطاب میں ہندو برادری کو دیوالی کی خوشیوں کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاست انسانیت اور فکر ونظر ہے کی بنیاد پر کرتی ہے قدر وعذت اور احترام نیشنل پارٹی کا سیاسی شیوہ ہے . ہندو برادری کی سرزمین کے ساتھ فکری و گہری وابستگی ہمیشہ رہی ہے اور ان کی وطنی جدوجہد قابل تحسین ہے .

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قومی سیاسی سماجی اور معاشی مسائل تعلیم و صحت کی ناقص پالیسی اور بیڈ گورننس سمیت گھمبیر صورتحال کو موسمی پرندوں سے ٹھیک اور بہتر نہیں کیا جاسکتا . انہوں نے کہا کہ مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی وہ شدت سے جاری ہے . نوجوانوں کو ماورائے قانون گرفتار کرکے لاپتہ کیا جارہا ہے . مذہبی منافرت و انتہا پسندی نے سماج کو بری طرح متاثر کیا ہے . نوجوان بے روزگاری سے نفسیاتی مریض بن چکے ہیں . مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے . عوامی ادارے اقربا پروری و سیاسی مداخلت کے بدولت مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بلوچستان کو ایک مرتبہ پھر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ضرورت ہے . 2013 میں بھی نیشنل پارٹی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کردار نے عوامی نمائندگی کا موقع دیا اور اب بھی عام انتخابات میں صوبے اور ملک کے تمام باشعور عوام پڑھے لکھے مکتبہ فکر کی نظر نیشنل پارٹی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پر ہے عام انتخابات میں پارٹی عوام کی طاقت سے بڑی کامیابی حاصل کریں گی . اور صوبے میں شعوری و تعمیری گورننس کو عمل لائے گی . جان بلیدی نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے اور نیشنل عوامی پارٹی کی تعمیر نو ہے . جو عوامی قیادت اور فلسفہ اور جمہوری اصولوں پر کاربند ہونے کی وجہ سے دیگر سیاسی جماعتوں سے منفرد و ممتاز ہے . انہوں نے کہا کہ مخالفین نیشنل پارٹی کی عوامی مقبولیت و پذیرائی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور نیشنل پارٹی کا مقابلہ سیاسی میدان کے بجائے پارٹی قاہدین کے خلاف منفی و جھوٹے پروپگنڈے کرنے میں مصروف عمل ہے . لیکن نیشنل پارٹی عوامی سیاست کو جاری رکھے گی . تقریب سے نیشنل پارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی بی ایس او پجار کے مرکزی سنئیر وائس چیئرمین بابل ملک بلوچ بی ایس او پجار کے سابق جوائنٹ سیکرٹری وکرم بلوچ ہندو برادری کے مذہبی پیشوا پنڈت راجیش کمار نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری نے سرانجام دی . تقریب میں دیوالی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا . اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی صوبائی و ضلعی قاہدین اور خواتین قیادت بھی موجود تھے .

. .

متعلقہ خبریں