بھارت کو پہلا ورلڈ کپ جتوانے والے کرکٹر کپل دیو کا بھارتی بورڈ سے شکوہ

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی کرکٹ ٹیم کو پہلی بار ورلڈ کپ دلوانے والے سابق کپتان کپل دیو کو بھارتی کرکٹ بورڈ بھول گیا، اس کا انکشاف خود سابق کپتان اور آل راؤنڈر کھلاڑی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ہے .

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق کپتان کپل دیو نے دورانِ انٹرویو انکشاف کیا کہ گزشتہ اتوار کو بھارت اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں مجھے مدعو نہیں کیا گیا .

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے بھارت اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے تمام ممالک کے سابق کپتانوں کو اعزازی طور پر مدعو کیا گیا تھا .

سابق کپتان کپل دیو جن کی سربراہی میں بھارت نے پہلی بار کرکٹ کے میدان میں عالمی کپ جیتا تھا، فائنل میچ کے دوران ایک ٹی وی شو میں نظر آئے، جس پر ان سے میچ میں عدم موجودگی کی وجہ معلوم کی گئی . انہوں نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے وہاں مدعو نہیں کیا گیا تو میں وہاں نہیں گیا بلکہ یہاں بلایا گیا تو میں یہاں آ گیا . انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں تو چاہتا تھا کہ 1983ء کی پوری فاتح ٹیم میرے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود ہو لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اتنا بڑا ایونٹ ہے اور لوگ ذمے داریوں کو سنبھالنے میں اتنے مصروف ہیں کہ بعض اوقات وہ بھول جاتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں