پشاور ہائیکورٹ کا عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکنےکا حکم

پشاور (قدرت روزنامہ)پشاور ہائیکورٹ نے عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکنےکا حکم دے دیا ہے .

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں ترقیاتی کاموں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نےکی .

عدالت نے عام انتخابات تک ترقیاتی کام روکنےکا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام الیکشن کے بعد شروع کریں . وکیل درخواست گزار میاں ذاکرحسین کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے پاس ترقیاتی کاموں کا اختیار نہیں ہے، الیکشن کا اعلان ہوا لیکن اب ترقیاتی کام ہو رہے ہیں .

جسٹس اعجاز انور کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا کام تو صرف روزانہ کی بنیاد پر معاملات دیکھنا ہے، الیکشن اعلان ہونے کے بعدترقیاتی کام کیسے ہوں گے ؟ الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن ہو رہےہیں ؟ وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے جواب دیا کہ جی الیکشن ہوں گے .

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ بنوں، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں نگران حکومت کے آنے سے پہلے کے ترقیاتی کام شروع ہیں، اس سےلوگوں کو فائدہ ہوگا .

جسٹس اعجاز انور نےکہا کہ الیکشن نزدیک ہوں تو پھر تو منظور نظر لوگ ترقیاتی کاموں پر تختیاں لگاتے ہیں، 8 فروری اتنا دور نہیں ہے، الیکشن ہوجائیں تو پھر ترقیاتی کام شروع کریں، الیکشن کے بعد دیکھیں گے یہ فنڈ خرچ ہوتا ہے یا واپس ہوجاتا ہے .

جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ یہ بتائیں وفاقی اور صوبائی نگران حکومتیں ترقیاتی کاموں میں اتنی دلچسپی کیوں لے رہی ہیں ؟

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نےکہا کہ یہ کام نگران حکومت سے پہلے شروع ہوئے ہیں . جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ زمینی حقائق کیا ہیں یہ سب کو پتہ ہے .

. .

متعلقہ خبریں