امریکا نے بھارت پر دباؤ بڑھا دیا، خفیہ اہلکار کیخلاف کارروائی کا مطالبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ہم ان الزامات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں کہ بھارتی حکومت کا ایک اہلکار امریکا کی سرزمین پرسکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنون کے قتل کی ”ناکام سازش“ میں ملوث تھا .
اسرائیل کے دورے کے دوران دارالحکومت تل ابیب میں جمعرات کو انٹونی بلنکن نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تفصیلی تبصرہ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ عدالت میں زیرغور ہے لیکن انہوں نے گروپتونت سنگھ پنون کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے بارے میں بھارت کی جانب سے شروع کی جانے والی تحقیقات کا خیر مقدم کیا .


اعلیٰ امریکی سفارت کارنے صحافیوں کو بتایا کہ میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ وہ معاملہ ہے، جسے ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں، گزشتہ ہفتوں میں ہم میں سے بہت سے لوگوں نے اسے براہ راست بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا ، حکومت نے آج اعلان کیا کہ وہ تحقیقات کر رہی ہے اور مناسب نتائج دیکھنے کی منتظر ہے .
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت ایک اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور ہم بھارت کے ساتھ اس اسٹریٹجک شراکت داری کو بہتر اور مضبوط کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے، ایک ہی وقت میں ہم اس معاملے سے متعلق الزامات اور اس تحقیقات کو ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں .
وہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بھارتی شہری نکھل گپتا پر فرد جرم عائد کرنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے .
امریکی محکمہ قانون نے بدھ 30 نومبرکو سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں 52 سالہ بھارتی شہری نکھل گپتا پر چارج شیٹ بھی عائد کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کا اہلکاراس قتل کیلئے نکھل گپتا کو ہدایات دے رہا تھا اور اسی اہلکار نے کینیڈا میں سکھ رہنما نجار سنگھ کو قتل کروایا .
جان کربی نے اس معاملے پر بھارت کے ردعمل کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ”ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ بھارت بھی اس کی تحقیقات کے لیے اپنی کوششوں کا اعلان کرکے اسے سنجیدگی سے لے رہا ہے، اسے مناسب طریقے سے جوابدہ ہونا ہے . “
فنانشل ٹائمز نے گزشتہ ہفتے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے گرپتونت کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا تھا اور پھر بھارت کو ان خدشات پر ”انتباہ جاری“ کیا تھا کہ نئی دہلی اسے ختم کرنے کی سازش میں ملوث ہے .
بھارت نے پنون کے قتل کی ناکام سازش سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے . وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے جمعرات کو امریکا کی جانب سے ایک بھارتی اہلکار کو مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار شخص سے جوڑنے کو تشویش کا معاملہ اور حکومتی پالیسی کے خلاف قرار دیا .

. .

متعلقہ خبریں