پنجاب
آئندہ الیکشن سودی نظام سے نجات اور کشمیر کی آزادی کا ہو گا، سراج الحق
لاہور (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےکہ آئندہ الیکشن سودی نظام سے نجات اور کشمیر کی آزادی کا ہوگا۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام سے دھوکہ ہوا، گزشتہ 70سال سے نظام وہی ہے، آئندہ الیکشن ظلم و جبر سے نجات کا ہو گا، ہم چاہتے ہیں ملک سے مہنگائی اورغربت کا خاتمہ ہو،8 دسمبر سے الیکشن مہم کا آغاز کریں گے، کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج عام آدمی پریشان ہے ،پورا ملک دلدل میں پھنس گیا ہے، ہمیں ہر بار چہرے نہیں نظام بدلنا ہے، جب کسی قوم کے نوجوان نظام کی تبدیلی کیلئے اٹھتے ہیں تو کامیاب ہوجاتے ہیں، نوجوانوں کی وجہ سے ہی روسی اور نیٹو ٹینکوں کو شکست ہوئی تھی، غزہ کے نوجوان ظالم کا مقابلہ کررہے ہیں۔