گرین بس سروس میں معذور افراد سے کرایہ نہیں لیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ )نگراں وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے گرین بس سروس میں افراد باہم معذوری کو کرائے سے مستثنی قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بس سروس میں معذور افراد سے کرایہ نہیں لیا جائے گا جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں ملازمتوں کی فراہمی کے کوٹے پر عمل درآمد اور سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے عالمی و ملکی قوانین کے مطابق اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا اتوار کو یہاں محکمہ سماجی بہبود بلوچستان اور غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے باہمی معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ پاکستان میں دس سے بارہ فیصد افراد باہم معذوری کا شکار ہیں یہ افراد ہمارے لئے اہمیت رکھتے ہیں اور ہمارے دل کے قریب ہیں افراد باہم معذوری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے اور انہیں قطعی یہ احساس نہیں ہونے دینا کہ وہ کسی بھی طور پر صلاحیتوں میں کسی سے کم ہیں ہم نے ہر شعبہ زندگی میں ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور مجموعی معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانی ہے افراد باہم معذوری کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کےلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں بہتری کی جو تجاویز آئیں گی ان کا خیر مقدم کریں گے انہوں نے کہا کہ افراد باہم معذوری کے لئے سرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں میں مواقع فراہم کرنے کےلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی موجود ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت افراد باہم معذوری کی فلاح و بہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اس موقع پر مشیر سماجی بہبود شانیہ خان ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات ، ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود طارق جاوید منگل، ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے افراد باہم معذوری کو شیلڈ بھی دی گئیں جبکہ مشیر سماجی بہبود شانیہ خان نے نگراں وزیر اعلی بلوچستان کو سوئینر بھی پیش کیا .

.

.

متعلقہ خبریں