‘کسی کا منہ بند نہیں کرنا، اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلیں گے، کپتان شان مسعود کا بیان

کینبرا(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ایسی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں جو دونوں ممالک کے کرکٹ فینز کو پرجوش کرے .

کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ سے قبل میڈیا ٹاک کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں رنز بنانے کی رفتار تیز کرنی ہوگی، باولرز 20 وکٹیں لیں گے تو ہمارے لیے پلانز پر عملدر آمد کرنا آسان ہو جائے گا .

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس باولنگ میں بہت آپشنز موجود ہیں، سڈنی میں گیند ریورس ہوتا ہے، وسیم جونیئر کو اس لیے ساتھ لائے ہیں، خرم شہزاد اور میر حمزہ دونوں ڈومیسٹک کے پرفارمر ہیں .

شان مسعود نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبداللہ شفیق اور امام الحق اوپننگ کریں گے، بابراعظم نمبر 4 پر کھیلیں گے جبکہ سرفراز احمد کو محمد رضوان پر ترجیح دیں گے . ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر دنیائے کرکٹ کے بہترین ایمبیسڈر ہیں، یہ سیریز ان کے لیے ایک جذباتی سیریز ہوگی، کوشش کریں گے ان کی آخری سیریز میں وارنر کے لیے مختلف چیلنجز لائیں . شان مسعود نے کہا کہ ہم یہاں آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں ہمیں کسی کا منہ بند نہیں کرنا، ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلیں گے، ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے جو کہ فینز کو پسند آئے .

ان کا کہنا تھا کہ رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن ہم مثبت انداز میں کھیلیں گے، ہمارے بارے میں رائے رکھنا ہر کسی کا حق ہے . میں نے زندگی میں ہمیشہ چیلنجز لیے ہیں، یہ ایک چیلنج ہے اور ایک اچھا موقع ہے . قومی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ہے، ہم نے کسی ایک کو چیلنج نہیں کرنا، آسٹریلیا کا اسکواڈ بہت مضبوط ہے آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک نے ہر کنڈیشنز میں برتری حاصل کی ہے . شان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب بہت تبدیل ہو چکی ہے اور اس کے مطابق کھیلنا ہے، ہمارا گول یہی ہے کہ ہم نے اپنی شناخت بنانی ہے، آئیڈیل یہ ہے کہ ہم اچھی مہارت کا مظاہرہ کریں . پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ پر بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چار روزہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں