سال 2023:بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سےعوام پر کتنے ارب روپے کا بوجھ ڈالا گیا ؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سال 2023 بجلی اور گیس صارفین کو شاید ہی بھول پائیں آئے روز بڑھتی قیمتوں نے صارفین کو پریشان کیے رکھا اور گھریلو بجٹ کو شدید مشکلات سے دوچار کیے رکھا ۔ملک بھر میں احتجاج بھی ہوئے جن میں بلز کو نذر آتش کیا گیا ۔ “جیو نیوز ” کے مطابق بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر کے صارفین پر 2400ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ ڈالا گیا۔سال بھر شہری بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کے تلے دبے رہے، بجلی کے بنیادی نرخوں میں 10روپے 73 پیسے فی یونٹ تک اضافہ کیا گیا۔آئی ایم ایف کی شرائط پر 65 ارب روپےکا برآمدی اورکسان پیکج ختم کیا گیا، بجلی صارفین پر فی یونٹ 3 روپے 23 پیسےکا مستقل سرچارج عائد کیا گیا۔ ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے بجلی کی بڑھتی قیمتیں مزید مشکلات پیدا کرتی رہیں۔بجلی کا زیادہ سے زیادہ فی یونٹ بنیادی ٹیرف سیلز ٹیکس سمیت 60 روپے سے بھی تجاوز کرگیا۔
بجلی کے بعد رہی سہی کسر گیس کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے نکال دی۔یکم جنوری2023 سےگیس کے ٹیرف میں 112 فیصد تک اور یکم نومبر 2023 سے تقریباً 200 فیصد تک اضافہ کیا گیا۔بجلی اورگیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ان دونوں شعبوں کا گردشی قرض5 ہزار روپے سے بھی اوپر چلا گیا۔
