میئر کراچی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ایم کیوایم کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
کراچی (قدرت روزنامہ) انتخابی قوانین اورضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط تحریر کیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ میئر کراچی اور ٹاؤن ناظمین انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ میئر کراچی اور ناظمین کی جانب سے یہ سب سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے کہنے پر کیا جا رہا ہے۔بلدیاتی نمائندوں کا یہ عمل انتخابات 2024 کے نتائج میں ہیرا پھیری کے مترادف ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ میئر اور ٹاؤن ناظمین عوامی فنڈز کا استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔ عوام کا پیسہ اور وسائل کا استعمال ووٹرز کو متاثر کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ یہ معاملہ انتخابی عمل کی ساکھ کو متاثر کر رہا ہے، تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ میئر اور ٹاؤن ناظمین کو ترقیاتی کاموں کے افتتاح سے روکا جائے۔
