ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ابتدائی شیڈول تیار،پاکستان اور بھارت پھر ایک ہی گروپ میں، ٹاکرا کب ہو گا ؟ جانیے
دبئی (قدرت روزنامہ ) کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ، رواں برس ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 4 جون سے 20 جون تک امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پہلے راؤنڈ میں پانچ، پانچ ٹیمیں 4 گروپس میں مقابلہ کریں گی۔ ہر آئی سی سی ایونٹ کی طرح اس بار بھی پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ میں آئرلینڈ، کینیڈا اور میزبان امریکہ بھی شامل ہے اس لیے پہلے راؤنڈ میں اس گروپ کے زیادہ تر میچز امریکہ میں ہوں گے۔
“جیو نیوز ” کے مطابق پاکستان ٹیم پہلا میچ 6 جون کو ڈیلیس میں امریکہ کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 9 جون کو نیویارک میں پاکستان اور بھارت کا میچ تجویز ہے جبکہ 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ نیویارک میں ہی ہوگا۔ 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ فلوریڈا میں شیڈول ہے۔پہلے راؤنڈ میں شریک ہر 4 گروپس میں سے 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 8 راؤنڈ میں کوالیفائی کریں گی جہاں انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کی ٹائمنگ اور برصغیر کے ٹائم زون کے فرق کی بنیاد پر یہ میچ ایک روز قبل کرانے کا آپشن بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک پاکستان کے وقت کے مطابق 10 گھنٹے پیچھے ہے اور وہاں دوپہر میں شروع ہونے والا میچ یہاں رات گئے شروع ہوگا۔
9 جون کو اتوار ہے اور اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ یہ میچ 8 جون کو رکھ دیا جائے تاکہ اس کی فالوونگ متاثر نہ ہو۔ آئی سی سی نے فیڈ بیک اور منظوری کے لیے یہ شیڈول بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے اور اب جلد ہی حتمی شیڈول جاری کردیا جائے گا۔
