زلفی بخاری، راجہ بشارت کے کاغذات منظور، عارف عباسی کی اپیل مسترد
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)اپیلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی امیدوار زلفی بخاری ، راجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں منظور کرلیں جبکہ عارف عباسی کی مسترد کردی گئی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے ریٹرننگ افسران الیکشن ٹریبونل میں پیش ہوئے،پی ٹی آئی رہنما سید ظفر علی شاہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ پراپرٹی ٹیکس اور 2گاڑیوں کا معاملہ ہے، پیر کو سنیں گے۔
امیدوار سبط حسن بخاری کی نامزدگی فارم کے خلاف اپیل پر جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ کیا ریٹرننگ افسر 62ون ایف کے تحت کاغذات مسترد کرسکتا تھا؟شعیب شاہین نے کہا کہ یہ ریٹرننگ افسر کھڑے ہیں، میں نے کہاکہ کوئی اعتراض ہے تو بتا دیں،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیئے کہ وہ بعد میں ان کو موصول ہوئے ہوں گے، جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے،این اے 51مری اور پی پی 6مری سے پی ٹی آئی کے لطاسب ستی کی اپیل منظور کرلی گئی۔
اٹک سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 50سے زلفی بخاری کی اپیل منظور کر لی گئی،تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے پی پی 15عمر تنویر بٹ کی اپیل بھی منظور کرلی گئی،اپیلٹ ٹریبونل سے امیدواروں کے خلاف ریٹرننگ افسران کے فیصلے کالعدم قراردے دیئے گئے۔
پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے عارف عباسی کی پی پی 19سے اپیل مستردکر دی گئی،اپیلٹ ٹریبونل نے کہاکہ عارف عباسی اشتہاری ہیں، کسی عدالت میں سرنڈر بھی نہیں کیا،این اے 56، پی پی 16سے پی ٹی آئی امیدوار اعجاز خان جازی کی اپیل منظور کرلی گئی، اپیلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اعجاز خان جازی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی،راولپنڈی ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کے تمام اعتراضات مسترد کردیئے،این اے 55اور پی پی 15سے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کی اپیل منظور کر لی گئی،سابق صوبائی وزیر کو دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی،اپیلیٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے مسترد کر دیئے۔
