ڈرائیورز کا اغواء ،گڈزٹرانسپورٹرز نے حکومت کو48گھنٹوں کا الٹی میٹم دیدیا

کراچی (قدرت روزنامہ) گڈزٹرانسپورٹرز نے ڈرائیوروں کے اغوا اورپرتشدد کارروائیوں کی روک تھام کے لیے حکومت کو48گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا .

ٹرک اڈہ ہاکس بے روڈ پرمشترکہ پریس کانفرنس کے دوران گڈزکیریئرایسوسی ایشن کے صدر نورخان نیازی کا دیگررہنماؤں کے ہمراہ کہنا تھا کہ ملک کے کچھ حصوں بالخصوص اندرون سندھ وبلوچستان میں گاڑیوں کےڈرائیوروں کے اغواءاورڈکیتیوں کی وارداتوں میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے .

"ایکسپریس نیوز" کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگرڈرائیورگاڑی نہ روکے تواس پرسیدھا فائرکیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ڈرائیوروں کی جانیں محفوظ نہیں ہیں اورگاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچ جاتا ہے .

انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کی 7 تاریخ کو کشمورمیں ٹرکوں کے پہیوں پرگولیوں کا برسٹ مارا گیا، اور 9 ڈرائیوروں کو گاڑیوں سے اتارکراغوا ءکیا گیا،قیمتی جانوں کو لاحق خطرات کے علاوہ گولیوں سے ناکارہ ہونے والے ٹائروں کی وجہ سےٹرانسپورٹرزکو2کروڑروپے کا نقصان ہوا، یہ سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے بلکہ ماضی میں ان عناصر کی جانب سےاس قسم کی روش اپنائی گئی،اس جانب بارہا توجہ مبذول کروائی گئی مگرحکام کی مسلسل عدم توجہی کے باعث گڈزٹرانسپورٹرزکو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا اور کئی قیمتی جانوں سے بھی ہاتھ دھونے پڑے . آئے روز کے واقعات نے ٹرانسپورٹرزمیں اضطراب پیداکیا ہوا ہے،علاوہ ازیں مغویوں اوران کے خاندانوں پرجوگزرتی ہے وہ ایک الگ داستان ہے .

نورخان نیازی نے کہا کہ صدرپاکستان، نگراں وزیراعظم،چیف جسٹس آف پاکستان،چیف آف آرمی سٹاف،چاروں صوبوں کے وزائے اعلیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے ڈرائیوروں کوجلدازجلدبازیاب کروایاجائےاورتمام شاہراہوں کوٹرانسپورٹرکے لیے محفوظ بنایاجائے . تمام تاجران اورچیمبرز کی قیادت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوجائیں،تاکہ مستقبل میں ان واقعات کا سختی سے تدارک کیا جائےکیونکہ ان گاڑیوں پرتاجروں کا سامان لداہوا ہوتا ہے .

ان کا کہناتھا کہ ہم ایسا کوئی قدم اٹھانا نہیں چاہتے جس کی وجہ سے ملکی معیشت مزید خراب ہو،مگرہمیں اس جانب جانے کے لیے مجبورکیا جارہا ہے، حکومت کو48گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہ اس مسئلے کا پائیدارحل تلاش کیاجائے،اگرایسا نہ ہوا توپھرپاکستان بھر کی گڈزتنظیموں کے ساتھ مل کرآئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائےگا،جس میں کاروباربند کرنے اورگاڑیوں کو کھڑا کردینے کا آپشن بھی شامل ہے .

. .

متعلقہ خبریں