لاہور ہائیکورٹ کا ہوٹلوں اور پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم

لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ پر قابو پانے کیلئے ہوٹلوں اور پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم دے دیا .
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی .

دوران سماعت عدالت عالیہ نے ہوٹلوں اور پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ ماحولیات اور پی ایچ اے کو مل کر لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کر دی .

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چین سے ماحولیات کا وفد پاکستان آ رہا ہے جس پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو چین کے ماحولیات کے وفد سے جوڈیشل واٹر کمیشن کے ممبران کی ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی .

دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ایس پی ٹریفک سے استفسار کیا کہ کیا کم عمر ڈرائیور پر مقدمات درج ہو رہے ہیں؟ جس پر ایس پی ٹریفک نے جواب دیا کہ پہلے مقدمات درج کر رہے تھے اب مقدمات درج نہیں ہو رہے .

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر آپ مقدمات درج کر رہے ہوں تو یہ افسوسناک بات ہے، آپ جرمانہ بڑھا دیں مقدمات درج کرنا زیادتی ہے .

بعدازاں عدالت نے سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی .

. .

متعلقہ خبریں